این ایچ ایس انگلینڈ کا موسم بہار کیلئے کورونا بوسٹر ویکسین مہم کا آغاز
لندن ،اپریل۔انگلینڈ میں نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کورونا وائرس کوویڈ 19پینڈامک لاحق ہونے سے خطرے سے دو چار سب سے زیادہ کمزور افراد کیلئے موسم بہار میں بوسٹر ویکسین کمپین چلا رہی ہے۔ اس بوسٹر ویکسین کیلئے تقریباً پچاس لاکھ افراد اہل ہیں، جن میں 75 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے ساتھ ساتھ کمزور امیون سسٹم کے حامل لوگ اور کیئر ہومز میں رہنے والے معمر شامل ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ پیر سے کیئر ہومز میں رہنے والے معمر افراد کو یہ ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی جو کہ کیئر ہومز کا دورہ کرنے والے این ایچ ایس ٹیمیں انہیں فراہم کریں گی۔ بوسٹر کیلئے دیگر اہل افراد اپریل کے وسط سے ویکسین کی خوراک وصول کرسکیں گے۔ ان اپائنٹمنٹس کیلئے بکنگ بدھ 5اپریل کو شروع ہو جائے گی۔ یہ ویکسین رول آؤٹ مارچ میں مشترکہ کمیٹی برائے ویکسی نیشن اینڈ امیونائزیشن (جے سی وی آئی) کی شائع ہونے والی ایڈوائس کی پیروی کرتا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کوویڈ 19پینڈامک کے دوران برطانیہ اور بین الاقوامی سطح پر دستیاب اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ معمر افراد کو کوویڈ سے شدید بیماری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان اعداد و شمار کے نتیجے میں وہ اس موسم بہار میں اضافی ویکسین کی خوراک کے ذریعے بیماری سے تحفظ کا زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ این ایچ ایس ویکسین اینڈ سکریننگ ڈائریکٹر سٹیو رسل نے کہا کہ ایک معاشرے کی حیثیت سے ہم کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے ساتھ رہنا سیکھ رہے ہیں لیکن بہت سے لوگوں کیلئے یہ اب بھی ایک خطرہ ہے اور کورونا وائرس، جو سنگین بیماری اور ہسپتال میں داخل ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے اب بھی یہ انتہائی اہم ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار والے لوگ بوسٹر ویکسین خوراک کیلئے آگے آئیں اور اس سے اپنے اور دوسروں کے تحفظ کو فروغ دیں۔ این ایچ ایس نے کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے آغاز کے بعد سے اب ایک ملین سے زیادہ کوویڈ مریضوں کا علاج کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کی عمر 75سال سے زیادہ ہے یا آپ کا امیون سسٹم کمزور ہے تو براہ کرم اس موسم بہار میں جلد سے جلد ویکسین خوراک کیلئیاپنی بکنگ کروائیں، جس کے نتیجے میں آپ موسم گرما سے ذہنی سکون کے ساتھ لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق اب بھی 8000 افراد کوویڈ کی وجہ سے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ پانچ سال اور اس سے زیادہ عمر کے کچھ افراد جنہیں امیونوسوپریسڈ کے طور پر بیان کیا گیا ہے کو یہ ویکسین خوراک آفر کی جائے گی۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کو بلڈ کینسر ہے یا آرگن ٹرانسپلانٹ ہو چکا ہے اور جو کیموتھراپی کے ذریعے کینسر کا علاج کروا رہے ہیں۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کورونا وائرس ویکسین کیلئے این ایچ ایس ایپ کے ذریعے لاکھوں دعوت نامے بھیجے جائیں گے۔