یورپی اور امریکی فنڈنگ: یوکرین کی پولینڈ سے 100 بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کی درخواست
وارسا،اپریل۔پولینڈ کے وزیر اعظم نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ یوکرین نے پولینڈ سے ’’ روسوماک‘‘ طرز کی 100 عدد ملٹی رول ادا کرنے والی بکتر بند گاڑیاں مانگی ہیں۔ یہ گاڑیاں فن لینڈ کے لائسنس کے تحت یورپی یونین اور امریکہ کی فنڈنگ سے تیار کی جاتی ہیں۔پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراویکی نے جنوبی پولینڈ میں ان گاڑیوں کے پیداواری پلانٹ پر جاکر کہا کہ میں کل یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیہال سے 100 ’’ Rosomaks‘‘ گاڑیوں کا آرڈر لایا ہوں جو یہاں تیار کیے جائیں گے۔پولینڈ کے وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ اس آرڈر کی مالیت پولینڈ کو دیے گئے یورپی فنڈز اور یوکرین کے ذریعے حاصل کردہ امریکی فنڈز سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے معاہدے کی قیمت بتانے سے گریز کیا۔خیال رہے ’’ روسوماک‘‘ ایک آٹھ پہیوں والی ملٹی رول آرمرڈ گاڑی ہے۔ جسے فن لینڈ کی کمپنی ’’Patria‘‘ کے لائسنس کے تحت تیار کیا گیا ہے۔