غیرمقیم مزدوروں سے متعلق جانکاری مغربی بنگال حکومت نے نہیں دی: نرملا سیتارمن
نئی دہلی، 19 ستمبر (یواین آئی) لوک سبھا میں آج وزیر خزانہ سیتارمن نے کہا ہے کہ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے غیر مقیم مزدوروں سے متعلق کوئی جانکاری موصول نہیں ہوئی اس لئے ریاست کا کوئی بھی ضلع پردھان منتری غریب کلیان روزگار ابھیان یوجنا میں شامل نہیں ہوپایا۔
وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے لوک سبھا میں لیڈر ادھیرنجن چودھری کے سوال کےجواب میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ غریب کلیان ابھیان کے تحت ملک کی چھ ریاستوں بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اڈیشہ اور اترپردیش کے 116 ضلعوں کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایسی ریاست جن کے کچھ ضلعوں میں کووڈ۔19 کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران 25000 سے زیادہ غیر مقیم مزدور پہنچے ہیں، انہیں ضلعوں میں یہ منصوبہ کا نفاذ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ غیر مقیم مزدوروں کو 125 دنوں تک کام دینے کے لئے لایا گیا ہے۔
مسٹر چودھری نے وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ پر محترمہ سیتارمن سے سوال کیا کہ مغربی بنگال کا ایک بھی ضلع غریب کلیان روزگار ابھیان یوجنا کی فہرست میں شامل کیوں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وجہ سے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران دوسری ریاستوں میں کام کرنے والے بنگال کے لاکھوں غیر مقیم مزدوروں کو واپس لوٹنا پڑا۔ بنگال کے ان غیر مقیم مزدوروں نے کووڈ کے دوران سب کچھ کھویا۔ لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے اوران کے سامنے کھانے پینے کا بحران پیدا ہوگیا۔ مسٹر چودھری نے دریافت کیا کہ اس منصوبہ کے تحت شامل کئے گئے ضلعوں کی فہرست کس بنیا پر تیار کی گئی ہے۔