ایشوریہ اور مادھوری کے موازنے پر نازیبا گفتگو، نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس
ممبئی،مارچ۔ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے حوالے سے نازیبا گفتگو نشر کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف امریکی سِٹکام ’دی بگ بینگ تھیوری‘ کے دوسرے سیزن کی پہلی قسط میں مادھوری سے متعلق شو کے دو کرداروں کے درمیان نازیبا گفتگو دکھائی گئی۔شو میں راج کوٹھراپالی کا کردار ادا کرنے والے کونال نیئر نے لیجنڈ بھارتی اداکارہ کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کیے۔یہ دیکھ کر مادھوری کے مداح اور مصنف و سوشل ایکٹیوسٹ متھون وجے کمار نے نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شو میں مادھوی کے حوالے سے دکھائے گئے اس تضحیک آمیز مناظر کو حذف کیا جائے کیوں کہ استعمال کیے گئے الفاظ نہ صرف ناقابل قبول اور بے عزتی کے زمرے میں آتے ہیں بلکہ اس طرح کے جملے خواتین کیخلاف پائی جانے والی بدگمانی کو پروان چڑھانے کا بھی سبب بنتے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر نیٹ فلکس نے اس قسط کو اپنے پلیٹ فارم سے نہیں ہٹایا تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔خیال رہے کہ پہلی قسط کے ایک سین میں شیلڈون کوپر کا کردار راج کوٹھراپالی سے گفتگو کرتے ہوئے ایشوریہ رائے کا مادھوری ڈکشٹ سے موازنہ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ’ایشوریہ رائے تو غریبوں کی مادھوی ڈکشٹ ہیں۔‘جواب میں راج کوٹھراپالی نامی کردار کہتا ہے ’ایشوریہ رائے تو دیوی ہیں جبکہ مادھوری ڈکشٹ۔۔۔۔۔۔۔۔ ہیں۔‘