راہل گاندھی ملک کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے: شیخاوت
نئی دہلی، مارچ ۔ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے پیر کے روز کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی ملک کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے اور ہمیشہ خود کو قانون سے بالاتر ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔مسٹر شیخاوت نے یہاں اپنے بیان میں کہا کہ ایسے لوگ جو خود کوسسٹم سےاوپر سمجھتے ہیں یقیناً جمہوریت کے لیے خطرناک ہیں۔ لوک سبھا کے لئے راہل گاندھی کی نااہلی پر، انہوں نے کہا کہ کچھ رہنما، جن کے لیے گاندھی خاندان قانون اور آئین سے بالاتر ہے، ایوان سے ان کی نااہلی کے فیصلے پر ہنگامہ کھڑا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس طرح کے تبصرے نہ صرف آئین کی بلکہ ملک کے جمہوری نظام کی بھی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ راہل گاندھی تکبر اور انا میں اس قدر ڈوبے ہوئے ہیں کہ عدالت کی طرف سے موقع ملنے کے بعد بھی انہوں نے معافی مانگنے کا موقع نہیں لیا۔ انہوں نے کہا، ’’اگر راہل گاندھی ایک بار غلطی کرتے تو ملک انہیں معاف کر دیتا، لیکن ان کا مسلسل اس طرح کی غلطیاں، عوام کے تئیں ان کی عزت نہ کرنے کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ راہل گاندھی نے عظیم محب وطن ویر ساورکر کی بھی توہین کی ہے اور اس مجاہد آزادی اور ان کی قربانی سے تحریک لینے والے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔