امیتابھ بچن نے سعودی پروڈیوسر کو فلم ’شہنشاہ‘ کی جیکٹ تحفے میں دے دی

ممبئی،مارچ۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنی مشہور فلم کی جیکٹ سعودی شاعر اور پروڈیوسر کو تحفے میں دے دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے فلم شہنشاہ میں پہنی ہوئی اسٹیل کے بازو سے بنی خاص جیکٹ اپنے سعودی دوست ترکی العلشیخ کو تحفے میں دے دی۔ترکی العلشیخ نے ٹوئٹر پر فلم شہنشاہ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے امیتابھ بچن کو اس خصوصی تحفے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی اداکار کی تعریف میں لکھا کہ امیتابھ بچن نا صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کیلئے قابل فخر شخصیت ہیں۔جس کے جواب میں امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پیارے اور سب سے زیادہ خیال رکھنے والے دوست یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آپ کو اسٹیل کے بازو والی جیکٹ کا تحفہ موصول ہوگیا ہے جو میں نے اپنی فلم شہنشاہ میں پہنی تھی۔کسی دن میں آپ کو بتاؤں گا کہ میں نے اسے کیسے حاصل کیا تھا۔‘فلم شہنشاہ 12 فروری سن 1988 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے بھارت سمیت دنیا بھر سے خوب داد سمیٹی تھی اور اس فلم میں امیتابھ بچن کے کردار کو شائقین کی جانب سے بیحد پسند کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ ترکی العلشیخ ایک سعودی پروڈیوسر، شاعر اور یو ڈی المیریا فٹ بال کلب کے مالک ہیں جو امیتابھ بچن کے خاص دوست بھی ہیں۔

 

Related Articles