گیزہ کے عظیم ہرم کا وہ راز جو کئی برس سے سائنسدانوں کیلئے معمہ بنا ہوا ہے

گیزہ ،مارچ۔مصر کے اہرام مصر صدیوں سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور ان کے متعدد راز اب بھی سامنے نہیں آسکے ہیں۔ان میں گیزہ کا عظیم ہرم یا ہرم خوفو سب سے نمایاں ہے جس کی تعمیر کو ساڑھے 4 ہزار سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے مگر اس سے جڑے اسرار سامنے آنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔سائنسدانوں نے اس کے اندرونی ساخت کے حوالے سے کچھ عرصے قبل ایک راز دریافت کیا تھا جس کو وہ اب بھی سمجھ نہیں سکے۔سائنسدانوں نے مارچ 2023 کے آغاز پر گیزہ کے عظیم ہرم میں ہزاروں برسوں سے چھپی راہداری کو دنیا کے سامنے پیش کیا تھا۔ان سائنسدانوں نے ہی دنیا کے اس عجوبے میں ایک بڑے خلا کو بھی دریافت کیا تھا جو اب بھی ان کے لیے معمہ ہے۔یہ خلا ہرم کی اس بڑی گیلری کے اوپر ہے جو سیاحوں کو کنگ چیمبر کی جانب لے جاتی ہے۔سائنسدانوں نے اس خلا کو Void Big کا نام دیا ہے جو ایک چٹان سے چھپا ہوا ہے یعنی وہاں تک رسائی ممکن نہیں۔مگر اسکینز کے ذریعے معلوم ہوا کہ یہ خلا کئی سو کیوبک میٹر رقبے پر پھیلا ہے۔اس خلا کو سب سے پہلے 2017 میں دریافت کیا گیا تھا مگر اس حوالے سے کام نہیں ہوا تھا کیونکہ یہ ہرم کے بالکل وسط میں واقع تھا۔اب سائنسدانوں نے اس حوالے سے تحقیقی کام کے بارے میں بتایا ہے۔یہ سائنسدان 2015 سے جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے اس ہرم کی اسکیننگ کر رہے ہیں۔اس کام کا مقصد یہ جاننا ہے کہ زمانہ قدیم میں اس طرح کے اہرام کو کس طرح تعمیر کیا گیا اور اتنے عرصے بعد بھی وہ کس طرح خود کو مستحکم رکھے ہوئے ہیں۔سائنسدانوں کے لیے چھوٹی راہداری کے مقابلے میں اس بڑے خلا کے حوالے سے تحقیق کافی بڑا چیلنج ثابت ہوا۔محققین نے بتایا کہ ہم نے راہداری پر اس لیے توجہ مرکوز کی کیونکہ وہ ہرم کی سطح کے قریب ہے، جس کے باعث اس پر تحقیق کرنا کافی آسان تھا، جبکہ ہرم کے اندر موجود بڑے خلا کی پیمائش کرنا بہت مشکل ہے۔ان کے خیال میں راہداری اور بڑے خلا کے درمیان ایک تعلق موجود ہے اور انہیں امید ہے کہ راہداری کی جانچ پڑتال سے انہیں بڑے خلا کے بارے میں بھی جاننے کا موقع ملے گا۔مگر اب تک ایسا کوئی تعلق دریافت نہیں ہوسکا۔ان کا کہنا تھا کہ اس خلا کے بارے میں زیادہ جانچ پڑتال سے قدیم عمارت میں تبدیلیاں آسکتی ہیں اور اسی لیے کافی احتیاط کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ خلا ہرم کے وسط میں واقع ہے تو اس پر تحقیق کافی پیچیدہ عمل ہے۔سائنسدانوں کو یہ تو معلوم نہیں کہ اس خلا کا مقصد کیا ہے مگر ان کے خیال میں ہرم کو تعمیر کرنے والے اسے عمارت کے اندر جانے کے راستے کے طور پر استعمال کرتے ہوں گے اور یہ راستہ وقت گزرنے کے ساتھ بند ہوگیا۔کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک ایسا چیمبر ہے جو ہرم کو زلزلے کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے تعمیر کیا گیا۔

 

Related Articles