جان وک کی عرفیت بابا یاگا کا مطلب کیا ہے؟
لاس اینجلس،مارچ۔جان وک وہ فلمی کردار ہے جو حالیہ برسوں میں بہت زیادہ مقبول ہوا ہے۔کیانو ریوز نے اس کردار کو اب تک 3 فلموں میں ادا کیا ہے اور اس کا چوتھا حصہ 24 مارچ 2023 کو ریلیز ہو رہا ہے۔جان وک کو فلم میں ایک سابق قاتل دکھایا گیا ہے جو قتل کرنے میں بہت زیادہ مہارت رکھتا ہے اور کسی بھی چیز کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر سکتا ہے۔جان وک کی اس صلاحیت سے متعدد افراد خوفزدہ ہوتے ہیں اور اسی لیے اسے بابا یاگا یا روسی بوگی مین (boogeyman) کہا جاتا ہے۔زندگی کی ابتدا میں روسی مافیا سے منسلک ہونے کی وجہ سے جان وک کے لیے یہ عرفیت استعمال کی جاتی ہے۔فلم کے پہلے حصے میں ایک جگہ جان وک کی قتل کرنے کی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جان وک کا موازنہ ایک روسی عفریت بابا یاگا سے کیا جا سکتا ہے۔بابا یاگا روسی لوک روایات کا حصہ ہے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ لوک روایات کے مطابق یہ اصل میں ایک ڈائن ہے جو ایسے گھر میں رہتی ہے جو مرغی کے پیروں پر کھڑا ہوتا ہے۔یہ ڈائن بچوں کو اپنے گھر لے آتی ہے اور انہیں کھا لیتی ہے۔روسی روایات میں بابا یاگا کو بہت زیادہ خطرناک شکاری قرار دیا جاتا ہے اور یہ ڈائن ایسے بچوں کو دبوچ لیتی ہے جن کا رویہ خراب ہوتا ہے۔تو فلم سیریز میں جان وک کو لوگوں کو قتل کرنے کی بے مثال صلاحیت کی وجہ سے بابا یاگا قرار دیا گیا تھا۔اب یہ معلوم نہیں کہ اس فلم سیریز کو تحریر کرنے والے افراد کو علم تھا یا نہیں کہ بابا یاگا دراصل کسی مرد کو نہیں بلکہ خاتون کو کہا جاتا ہے۔روسی زبان میں بابا معمر خاتون کو کہا جاتا ہے اور بابا یاگا کا مطلب بوڑھی اور شیطان خاتون ہے۔