سموسوں سے یومیہ 12 لاکھ روپے کمانے والے میاں بیوی
بنگلور،مارچ۔سموسے کسے نہیں پسند؟ اچھا موسم ہو یا شام کی چائے، سموسے وہ پسندیدہ اسنیکس ہیں جسے ہر گھر میں ہی شوق سے کھایا جاتا ہے، لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا ہوگا کہ سموسے فروخت کرنے والے یومیہ لاکھوں روپے کما سکتے ہیں؟میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر بنگلور سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے سموسے بیچ کر کروڑوں میں کمائی کرکے مثال قائم کردی۔ندھی سنگھ اور شیکھر ویر سنگھ نے اپنا سموسوں کا بزنس ایک چھوٹی سی دکان سے 2016 میں شروع کیا، دونوں نے اس بزنس کے لیے اپنی اچھی نوکریاں چھوڑیں، جہاں سے انہیں لاکھوں کی تنخواہ دی جارہی تھی۔تاہم دونوں نے اپنے برانڈ کا نام ‘سموسہ سنگھ’ رکھا اور جوڑے نے اس بات کو یقینی بنایا کہ صاف صفائی کے ساتھ سموسے فروخت کیے جائیں گے، اس کے علاوہ آلو، قیمے اور سبزیوں کے علاوہ بھی انہوں نے دیگر بہت سے سموسے متعارف کرائے۔ان سموسوں میں چاکلیٹ سموسہ، پنیر سموسہ، باربی کیو سموسہ سمیت کئی دیگر طرح کے سموسے تھے۔میڈیا کا کہنا ہیکہ سموسہ سنگھ ہر ماہ 30 ہزار سموسے فروخت کرتا ہے اور اس سے یہ جوڑا سالانہ 45 کروڑ روپے کماتا ہے، جو تقریباً یومیہ بارہ لاکھ بنتے ہیں۔شروعات میں دونوں نے جب بزنس شروع کیا تو ندھی نے اس کی مارکیٹنگ کا کام شروع کیا اور مختلف کمپنیوں میں فون کرکے اپنے برانڈ کو متعارف کروایا۔ندھی کی کوششوں کا نتیجہ یہ نکلا کہ انہیں 80 ہزار سموسوں کا آرڈر دیا گیا جس کے لیے انہیں ایک بڑے کچن کی ضرورت تھے، اور ساتھ ہی کچھ ورکرز کی بھی، جس کے لیے دونوں نے بڑا قدم اٹھایا اور اپنا اپارٹمنٹ فروخت کردیا۔