یواے ای میں رمضان: نجی شعبے کے ملازمین دو گھنٹے کم کام کریں گے

دبئی،مارچ۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت برائے انسانی وسائل و امارات (ایم او ایچ آر ای) نے اعلان کیا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین رمضان المبارک کے دوران میں معمول سے دو گھنٹے کم کام کریں گے۔وزارت کے مطابق جو ملازمین عام طور پر دن میں آٹھ گھنٹے کام کرتے ہیں، ان کے اوقاتِ کارکم کرکے چھے گھنٹے کردیے جائیں گے۔نجی کمپنیاں اپنے کام کی ضروریات اورنوعیت کے مدنظر رمضان میں روزانہ کے اوقاتِ کارکے دورانیے میں لچکدار یا ریموٹ کام کے اندازکو لاگوکرسکتی ہیں۔یہ اعلان کابینہ کی قرارداد نمبر1 مجریہ 2022 کے آرٹیکل 15 کی شق 2 پرعمل درآمد کے تحت کیا گیا ہے۔اس میں مزدورتعلقات کے قواعد وضوابط اور اس میں ترامیم سے متعلق وفاقی فرمان قانون نمبر33 کے ایگزیکٹوریگولیشنز کا حوالہ دیاگیا ہے۔گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے آیندہ ماہِ صیام میں وفاقی ملازمین،اسکولوں کے اوقات اور کام کے اوقات میں کمی کا اعلان کیا تھا۔رمضان المبارک کے دوران میں وزارتوں اور وفاقی حکام کے سرکاری اوقات کار پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر 30: 2 بجے تک اور جمعہ کو صبح 00: 9 بجے سے دوپہر 00: 12 بجے تک ہوں گے۔یواے ای کی علم اور انسانی ترقی (نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ) اتھارٹی (کے ایچ ڈی اے) کے مطابق رمضان المبارک میں نجی اسکولوں کے اوقات کار کم کر کے پانچ گھنٹے کردیے جائیں گے۔اسلامی کیلنڈر کے نویں مہینہ رمضان میں مسلمان طلوع فجرسے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ سے ہوگا جس کی تصدیق اسلامی رؤیت ہلال کمیٹی کی جانب سے کی جائے گی۔متحدہ عرب امارات میں اس مرتبہ روزے کا دورانیہ کوئی 14 گھنٹے ہوگا۔اس دوران میں روزدار کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں اوربعض دیگرجائز امور سے بھی اجتناب برتتے ہیں۔

Related Articles