جب ایک امیر مداح گووندا کے گھر کی ملازمہ بنی
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا 90 کی دہائی میں اپنے رقص، اداکاری اور طنز ومزح کی بہترین صلاحیت کے حامل ہونے کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول رہے۔اس دور میں بہت ساری لڑکیاں گووندا سے شادی کرنے کی خواہشمند بھی تھیں، یہاں تک کہ ان کی ایک مداح نے تو اداکار کے قریب رہنے کے لیے ان کے گھر میں بطور ملازمہ کام بھی کیا۔گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے انکشاف کیا ہے۔اداکار نے بتایا کہ میں نے ایک دن اپنے گھر کے باہر ایک لڑکی کو کھڑے دیکھا، اسے ملازمت کی تلاش تھی تو میں نے کہا کہ آپ میری والدہ سے بات کرلیں گھر کے سارے معاملات وہی دیکھتی ہیں۔اْنہوں نے مزید بتایا کہ وہ لڑکی میری والدہ کے پاس گئی تو والدہ نے اسے ملازمت دے دی اور وہ ہمارے گھر پر کام کرنے لگی۔گووندا نے بتایا کہ وہ لڑکی گھر کے کام تو صحیح سے نہیں کر پاتی تھی لیکن وہ بہت ہی ایکٹو رہتی تھی ایک دن میری بیوی نے کچھ تبدیلی محسوس کی اور اسے لگا کہ کچھ تو غلط ہورہا ہے۔اْنہوں نے بتایا کہ اور پھر بیگم نے ارادہ کرلیا کہ وہ اس لڑکی کی حقیقت کا پتہ لگا کر رہیں گی۔اداکار کی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بتایا کہ ایک دن وہ لڑکی فون پر کسی سے بات کررہی تو میں نے اس کا فون چھین کر سنا تو پتہ چلا کہ وہ اپنے والد سے بات کررہی ہے جوکہ بہت ہی امیر آدمی ہیں اور ان کے پاس آٹھ گاڑیاں بھی موجود ہیں۔اْنہوں نے بتایا کہ وہ گووندا کی دیوانی مداح تھی وہ ہمارے گھر صرف گووندا کے قریب رہنے کے لیے ملازمت کررہی تھی۔واضح رہے کہ اداکار گووندا نے سنیتا آہوجا سے 11 مارچ 1987ء کو شادی کی تھی جسے اْنہوں نے اپنی بیٹی ٹینا کی پہلی سالگرہ تک خفیہ رکھا تھا۔