اوپیک پلس کے پیداواری اہداف اتفاق رائے کی عکاسی کرتے ہیں:سعودی وزیرخارجہ
ریاض/لندن،مارچ۔اوپیک پلس ممالک کے تیل کی پیداوار سے متعلق کیے گئے تمام فیصلے اتفاق رائے کی عکاسی کرتے ہیں۔سعودی عرب کی موجودہ پیداواری پالیسی درست ہے اوروہ اس سال پیداوار میں اضافہ نہیں کرے گا۔یہ بات سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کے روز لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم ایک مستحکم مارکیٹ کے لیے پْرعزم ہیں اوروزیرتوانائی کا خیال ہے کہ مارکیٹ کوسال کے آخرتک پیداوارمیں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔انھوں نے کہا کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور روس کی قیادت میں غیراوپیک ممالک پرمشتمل گروپ میں فیصلے تمام شراکت داروں کے درمیان وسیع پیمانے پر گہری بات چیت کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔انھوں نے اوپیک کے ارکان اورروس سمیت دیگرممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ’’میں دیکھتا ہوں کہ اوپیک پلس کے تمام شراکت داروں کی جانب سے ریکارڈ پردیاجانے والا ہربیان اس اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔