سعودی عرب سے یوکرین کے لیے 30 ٹن امدادی سامان سے لدا تیسرا طیارہ روانہ
الریاض،مارچ۔سعودی عرب نے یوکرین کے لیے 30 ٹن امدادی سامان سے لدا تیسرا طیارہ ہفتے کے روز دارالحکومت الریاض سے روانہ کیا ہے۔انسانی امداد لے جانے والا طیارے میں خیمے، بجلی کے جنریٹر ،ادویہ اور طبی سامان شامل ہے۔یہ پولینڈ کے ریززو ہوائی اڈے پر اترے گا جو یوکرین کی سرحد کے قریب ہے۔سعودی عرب کے دو امدادی طیارے جمعہ کوپولینڈ کے ریززو ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔ان پر 168 ٹن امدادی سامان لداہوا تھا اور وہ زمینی سرحد کے ذریعے یوکرین میں پہنچایا جائے گا۔گذشتہ ماہ سعودی عرب نے یوکرین کے ساتھ ایک معاہدے اور مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دست خط کیے تھے۔اس کے تحت جنگ زدہ ملک کو انسانی امداد کے طور پر40 کروڑڈالر مہیا کیے جائیں گے۔ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے پرسعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورے کے موقع پر دست خط کیے تھے۔سعودی عرب سے یوکرین کو10 کروڑڈالر کی امداد مشترکہ تعاون کے پروگرام کے تحت مہیا کی جارہی ہے۔مفاہمت کی یادداشت کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی یوکرین کو30 کروڑڈالرمالیت کی تیل کی مصنوعات مہیاکرے گا۔اس پر سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان عبدالرحمٰن المرشد نے دست خط کیے تھے۔