لندن کے رہنے والے تقریباً نصف افراد الزبتھ لائن استعمال کرچکے ہیں

لندن ،فروری۔ لندن کے رہنے والے تقریباً نصف افراد نے19ارب پونڈ کی الزبتھ لائن استعمال کی ہے۔ ایک نئے سروے سے پتہ چلا ہے کہ تقریباً نصف افراد نے مئی2022ء میں کھولے جانے کے بعد سے الزبتھ لائن استعمال کی ہے۔ پی اے نیوز ایجنسی کے ساتھ شیئر کیے گئے یوگو و پول کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ دارالحکومت کے رہنے والے45فیصد افراد نے 19ارب پونڈ کی ریلوے پر کم از کم ایک بار سفر کیا ہے۔ یہ گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں24فیصد زائد ہے۔ تازہ ترین سروے سے جو جنوری کے اواخر میں کیا گیا، پتہ چلا ہے کہ18سے24سال تک عمر کے53 فیصد افراد کے لائن کے استعمال کرنے کا امکان سب سے زیادہ ہے، جس کے بعد25سے49سال تک کی عمر کے افراد کا نمبر ہے اور ان کا تناسب49فیصد اور 50سال سے64سال تک کی عمر کے افراد کا تناسب 39فیصد اور کم از کم65سال کے افراد کا تناسب صرف29فیصد ہے۔ ریلوے استعمال کرنے والے ان افراد کا تناسب جولائی2022ء میں37فیصد سے گھٹ کر25فیصد رہ گیا جنہوں نے ریلوے کے جائزہ کے لیے خصوصی ٹرپ کیا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ کمرشل پراپرٹی نیوز سائٹ لبسنو نے اس ماہ کے اوائل میں رپورٹ دی تھی کہ سروسز شروع ہونے کے بعد سے فلیکبل آفس کمپنی وی ورک کو الزبتھ لائن اسٹیشنز کے نزدیک اپنی لوکیشنز کے لیے طلب میں اضافے کا تجربہ ہوا ہے۔ ریلوے کے کھلنے اور گزشتہ سال نومبر کے درمیان ان مقامات پر فلیکبل بکنگز میں اوسطاً28فصد اضافہ ہوا ہے۔ الزبرتھ لائن برکشائر میں ریڈنگ اور مغربی لندن میں ہیتھرو ایئر پورٹ سے لے کر ساؤتھ ایسٹ لندن میں ایبے وڈ اور ایسکس میں شین فیلڈ تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہ سرنگوں میں چلتی ہے، جسے مغربی لندن میں پیڈنگٹناور ایبے وڈ کے درمیان کراس ریل پروجیکٹ نے تعمیر کیا ہے۔ لائن پر100ملین سے زائد سفر کیے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ فار لندن نے یکم فروری کو بتایا تھا کہ روزانہ تقریباً6لاکھ سفر کے ساتھ رائیڈر شپ متوقع سطح سے اوپر ہے اور ریلوے2023-24ء کے اختتام پر لاگت میں اضافے کے راستے پر ہے۔ کراس ریل کو تعمیراتی مشکلات اور سگنلنگ سسٹمز لگانے میں پیچیدگیوں سمیت متعدد مسئلوں کا سامنا تھا۔ اسے دسمبر2018ء میں مکل کیا جانا تھا اور اس کے لیے2010ء میں14 اعشاریہ 8ارب پونڈ کا بجٹ رکھا گیا تھا۔ حتمی لاگت کا اندازہ 18اعشاریہ9ارب پونڈ لگایا گیا تھا، جس میں حکومت سے5اعشاریہ ایک ارب پونڈ شامل تھے۔ یوگوو نے سروے کے لیے20سے29جنوری تک لندن میں1258افراد سے سوالات کیے۔

Related Articles