ہندوستان کا سبز توانائی شعبہ پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لیے سونے کی کان: مودی
نئی دہلی، فروری۔وزیراعلیٰ نریندرمودی نے سال 2023-24 کے بجٹ میں سبزنمو کے لیے کیے گئے التزامات کو ملک کی نئی نسل کے تابناک مستقبل کا سنگ بنیاد بتاتے ہوئے ملک اور دنیا کے سرمایہ کاروں سے ہندوستان کے سبز توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی ہے۔مسٹر مودی نے جمعرات کو بجٹ کے بعد کے ویبینار کی اس سال کی سیریز کے پہلے ایپی سوڈ میں گرین گروتھ کے موضوع پر بحث کا آغاز کرتے ہوئےکہا، "ہندوستان جتنا کمانڈنگ پوزیشن میں ہوگا، ملک اتنی ہی بڑی تبدیلی دنیا میں لا سکے گا۔” انہوں نے ہندوستان کے سامنے عالمی سبز توانائی کی ایک بڑی اہم طاقت بننے کا ہدف رکھتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا سبز توانائی کے شعبے میں سپلائی چین کو متنوع بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ایسے میں ہر سرمایہ کار کے لیے ہندوستان میں بڑا موقع ہے۔وزیر اعظم نے کہا، "2014 کے بعد سے ہندوستان کے ہر بجٹ میں ایک پیٹرن رہاہے، ہر بجٹ میں موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ نئے دور کی اصلاحات کو آگے بڑھایا گیاہے۔ قابل تجدید توانائی کا فروغ، فوسل فیول کے استعمال کو کم کرنا اور سبز نمو نیز گرین انرجی کی طرف بڑھنا اور گیس پر مبنی معیشت کو فروغ دینا اس کے بنیادی ستون ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار کے بجٹ میں جہاں ایک طرف پٹرول میں ایتھنول کی ملاوٹ کے لیے ترغیب دی گئی ہے وہیں پی ایم کسم یوجنا کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ صنعت کے لیے سولر مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ اس میں روف ٹاپ سولر اسکیم بھی ہے۔ ہم کول گیسیفیکیشن اور بیٹری اسٹوریج کو فروغ دے رہے ہیں، پھر بائیو فیول کو فروغ دینے کے لیے گووردھن اور گرین جیسی اسکیمیں ہیں۔ بجٹ میں گرین ہائیڈروجن کے شعبے میں نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے 19ہزار کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ہندوستان کی بجلی کی پیداوار میں قابل تجدید توانائی کا حصہ بڑھانے اور ایتھنال کی آمیزش کے ہدف کو قبل ازوقت حاصل کرنے کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان 2014 کے بعد سے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا بڑا ملک ہے۔ "ہندوستان جو ہدف مقرر کرتا ہے، وہ وقت سے پہلے مکمل کرلیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 فیصد ایتھنال کی آمیزش پٹرول کا استعمال شروع کرنے کا ہدف 2030 سے کم کرکے2025-26 کر دیا گیا ہے۔مسٹرمودی نے کہا کہ ہندوستان جس طرح سے بائیو فیول پر زور دے رہا ہے، وہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا گوبر اور زرعی فضلہ سے بائیو فیول کی پیداوار کو فروغ دینے کی اسکیموں میں سرمایہ کاری کے مواقع ضائع ہونے کے لائق نہیں ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان میں ہوا اور شمسی توانائی کا شعبہ پٹرولیم کی طرح ہی سونے کی کان ہے۔ مسٹر مودی نے سبز توانائی اورسبز نموکے لیے اس بار کے بجٹ میں کئے گئے التزمات کو نافذ کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈروں کومل کر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ بحث اس لئے نہیں ہے کہ بجٹ میں کیاہوا، کیا نہیں ہوا۔ بجٹ آچکا ہے، ہم اس کی ایک ایک چیز کو کیسے نافذ کرسکتے ہیں، اس پر بحث ہونی چاہیے۔پوسٹ بجٹ ویبینار سیریزکا آغاز 2021 میں ہواتھا، اس بار 12 ویبینار منعقد کیے جائیں گے، جس میں مرکز اور ریاستوں کے متعلقہ محکموں کے وزیر افسران اور صنعت و دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندے بجٹ کے التزامات کے نفاذ پر تبادلہ خیال کریں گے۔