کرائے کا فوجی گروپ تشکیل دینے کا ارادہ رکھتا ہوں:چیچن صدرقدیروف
ماسکو،فروری۔روس کے خطے چیچنیا کے صدررمضان قدیروف نے اتوارکے روزکہا ہے کہ وہ کسی دن ییفگینی پریگوڑن کے ویگنرگروپ کے کرائے کے فوجیوں کے طرزپراپنی نجی فوجی کمپنی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔روایتی روسی اورسوویت دور کے فوجی کمان کے ڈھانچے سے آزادویگنراور دیگر کرائے کے گروپوں کے عروج نے سفارت کاروں میں تشویش پیدا کردی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایسے گروہ ایک دن روس کے استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ٹیلی گرام پرایک پوسٹ میں قدیروف نے کہاکہ ویگنرنے، جو یوکرین میں روسی فوجیوں کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں،’’متاثر کن نتائج‘‘حاصل کیے ہیں۔انھوں نے کہا کہ نجی فوجی کمپنیوں کی ضرورت ہے۔’’جب ریاست کے لیے میری خدمات مکمل ہوجائیں گی، تو میں سنجیدگی سے اپنے پیارے بھائی ییفگینی پریگوڑن کے ساتھ مقابلہ کرنے اور ایک نجی فوجی کمپنی بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں‘‘۔2007ء سے چیچن جمہوریہ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے قدیروف نے کہا کہ میرے خیال میں یہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔قدیروف اور پریگوڑن دونوں یوکرین میں روسی ہائی کمان کی خودمختارافواج کی قیادت کرتے ہیں اور صدرولادی میرپوتین کے کٹراتحادی ہیں، لیکن انھوں نے ملک کی فوجی قیادت کے خلاف بھی بات کی ہے۔دونوں افراد نے ایک خاموش اتحاد تشکیل دیا ہے، جس میں ایک دوسرے کی جانب سے فوج کے اعلیٰ حکام پر تنقید کی گئی ہے اور تنازع پرمزید سخت قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شواہد سے پتاچلتا ہے کہ کریملن نے پریگوڑن کے حد سے زیادہ سیاسی اثرورسوخ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اورانھیں وزارت دفاع پرکھلے عام تنقید روکنے کا حکم دیا ہے جبکہ سرکاری میڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان کا یا ویگنرکا نام نہ لیں۔