ہیتھرو ایئرپورٹ کے 3000 ورکرز تنخواہوں کے تنازعہ پر ہڑتال کیلئے ووٹنگ میں حصہ لیں گے
لندن ،فروری ۔مزدور تنظیم یونائیٹ نے بتایا ہے کہ ہیتھرو ائر پورٹ کے 3,000ورکرز، جن میں سیکورٹی گارڈز، انجینئرز اور فائر فائٹرز شامل ہیں، تنخواہوں کے تنازعہ پر ہڑتال کا فیصلہ کرنے کیلئے 17فروری کو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ ووٹ ڈالنے کا عمل ایک ماہ میں مکمل ہوگا ورکرز نے تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کی پیشکش کو افراط زر کی شرح کے اعتبار سے تنخواہوں میں کٹوتی کے مترادف قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ یونائیٹ کے جنرل سیکرٹری شیرون گراہام نے ہیتھرو پر منافقت کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ اپنے چیف ایگزیکٹو اور سینئر منیجروں کو بھاری تنخواہوں دے رہا ہے لیکن ورکرز، جو کمپنی کو کامیاب بناتے ہیں، تنخواہوں میں کمی کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یونائیٹ کبھی اپنے ارکان کے حقوق کی لڑائی میں پیچھے نہیں ہٹی ہے، ہیتھرو پر بھی ہمارے ارکان کو ہماری مکمل حاصل رہے گی۔ ہیتھرو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر شدید مایوسی ہوئی ہے کہ یونائیٹ ہڑتال کیلئے ووٹنگ کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے معاملات غیر ضروری طورپر طول کھینچیں گے اور اگر ہڑتال ہوتی ہے تو تنخواہوں میں اضافے کی پیشکش واپس لے لی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ نومبر سے یونینوں کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کے علاوہ شفٹ پے اور الاؤنسوں میں اس سال 4فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ فیصلہ اس حقیقت کے باوجود کیا گیا کہ ہیتھرو اب بھی کوویڈ کی وجہ سے سفر پرلگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے ہونے والے اپنے نقصان کی تلافی کے مرحلے میں ہے۔