این آئی اے نے تمل ناڈو، کرناٹک میں کئی مقامات پر چھاپے مارے
بنگلورو، فروری۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کوئمبٹور کار بم دھماکہ اور منگلورو دھماکہ کیس کے سلسلے میں بدھ کو تمل ناڈو، کیرالہ اور کرناٹک میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔این آئی اے نے دو مختلف معاملوں میں تمل ناڈو اور کیرالہ میں 32 مقامات اور تمل ناڈو اور کرناٹک میں آٹھ مقامات پر تلاشی لی۔ کوئمبٹور ضلع میں کوٹائی ایسوارن مندر کے سامنے گزشتہ سال دھماکہ خیز مواد سے بھری کار میں دھماکے کے سلسلے میں 32 مقامات پر تلاشی لی گئی ہے۔ملزم جمشا مبین نے آئی ایس آئی ایس میں شمولیت کے بعد 23 اکتوبر 2022 کو ایک خودکش حملہ کرنے اور مندر کے احاطے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ معاشرے کے ایک طبقے میں دہشت پھیلایا جائے۔ یہ کیس ابتدائی طور پر کوئمبٹور ضلع کے اکڑم پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر کے طور پر درج کیا گیا تھا اور این آئی اے نے 27 اکتوبر 2022 کو دوبارہ درج کیا تھا۔واضح رہے کہ 19 نومبر 2022 کو منگلورو میں ایک چلتے ہوئے آٹو رکشہ میں ایک پریشر کوکر بم/ دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) میں اس وقت دھماکہ ہوا جب ملزم عوامی مقام پر نصب کرنے کے لئے لے جا رہا تھا۔ اس تناظر میں آج متعلقہ آٹھ مقامات پر تلاشی لی گئی۔یہ کیس ابتدائی طور پر منگلورو کے کنکناڈی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر کے طور پر درج کیا گیا تھا اور 23 نومبر 2022 کو این آئی اے کے ذریعہ دوبارہ درج کیا گیا تھا۔ تلاشی کے دوران این آئی اے نے دو معاملوں میں بڑی تعداد میں ڈیجیٹل آلات اور 4 لاکھ روپے کی نقدی ضبط کی۔ ان دونوں معاملوں کی تفتیش جاری ہے۔