ایئر انڈیا-ایئربس معاہدہ مضبوط ہند-فرانس شراکت کا عکاس: وزیر اعظم
نئی دہلی،فروری۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کوایئر انڈیا اور ایئربس کے درمیان ایک اہم شراکت داری کی شروعات میں شامل ہونے کے لئے اپنے دوست فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں کا شکریہ ادا کیا۔ایک ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے کہا، میں اپنے دوست ایمانوئل میکخواں کا ایئر انڈیا اور ایئربس کے درمیان ایک اہم شراکت داری کے آغاز میں شامل ہونے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک میں مواقع پیدا کرے گا۔ یہ مضبوط ہند-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر اعظم مودی نے منگل کو ایئر انڈیا اور ایئربس کے درمیان شراکت داری کے آغاز کے موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں، چیئرمین ایمریٹس، ٹاٹا سنز رتن ٹاٹا، بورڈ کے چیئرمین، ٹاٹا سنز این چندر شیکھرن، ایئر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن اور ایئربس کے سی ای او گیلوم فیوری کے ساتھ ایک ویڈیو کال میں بھی حصہ لیا تھا۔ایئر انڈیا اور ایئربس نے ایئر انڈیا کو 250 طیاروں، 210 سنگل آئزل اور 40 وائیڈ باڈی اے 350ایس کی فراہمی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔صدر میکخواں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایئر انڈیا اور ایئربس کے درمیان معاہدہ دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے نیز فرانس اور اس کی صنعت میں ان کے اعتماد کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ایئربس اور ٹاٹا سنز نے آج صبح جس معاہدے پر دستخط کئے، وہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک نیا قدم ہے۔ صدر میکخواں نے ایک ٹویٹ میں کہا، ’’فرانس اور ہماری صنعت پر آپ کے اعتماد کے لیے نریندر مودی کا شکریہ۔‘‘