دبئی میں آیندہ تین سال میں اڑتی ٹیکسیاں نظرآئیں گی:شیخ محمد
دبئی،فروری ۔حاکمِ دبئی اورمتحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اعلان کیا ہے کہ اگلے تین سال میں ہوائی ٹیکسیاں دبئی کی فضا میں اڑتی نظرآئیں گی۔شیخ محمد نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ فضائی ٹیکسی کے اسٹیشنوں کے ڈیزائن کو عالمی حکومت کانفرنس(ورلڈ گورنمنٹ سمٹ) میں منظور کیا گیا تھا۔توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2026 تک الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (ای وی ٹی او ایل) آپریشنز کا آغاز کرے گا۔دبئی ورٹی پورٹس کے مکمل طور پرتیارکردہ نیٹ ورک کے ساتھ دنیا کا پہلا شہر بننے کوتیار ہے ، ابتدائی طورپرفضائی ٹیکسیوں کے ذریعے چار بڑے علاقوں کو جوڑاجائے گا۔دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ، ڈاؤن ٹاؤن دبئی ، پام جمائیرہ اور دبئی مرینا میں فضائی ٹیکسیوں کے اسٹیشن ہوں گے۔فضائی ٹیکسیاں مسافروں کو صفراخراج اور زیادہ سے زیادہ محفوظ سفر کے لیے دستیاب ہوں گی۔ ہر فضائی ٹیکسی نما طیارے میں ایک پائلٹ اور چار مسافروں کے لیے کمرا ہوگا۔اس کی رینج 241 کلومیٹر اور ٹاپ اسپیڈ 300 کلومیٹر فی گھنٹا ہوگی۔شیخ محمد نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔اس میں دبئی روڈز اورٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور جدید فضائی نقل وحرکت کی کمپنیوں اسکائی پورٹس انفراسٹرکچراورجوبی ایوی ایشن کے مابین تعاون کو اجاگرکیا گیا ہے تاکہ منصوبے کے لیے بنیادی ڈھانچے کو ڈیزائن اور ترقی دی جاسکے۔دبئی میں اڑنے والی کاروں کا تصورنیا نہیں ہے، چینی فرم ایکس پینگ ایروہٹ نے گذشتہ سال اکتوبر میں دبئی میں ایک مظاہرے میں دو نشستوں والی الیکٹرک وی ٹی او ایل فلائنگ کارکی نمائش کی تھی۔دبئی کا فضائی ٹیکسی کامنصوبہ ایک دلچسپ پیش رفت ہے جو اڑنے والی کاروں کے امکان کو حقیقت بننے کے ایک قدم قریب لاتا ہے۔