برطانوی خاتون نے 56 برس بعد کتاب لائبریری کو واپس کردی

نارتھ ٹینسائیڈ،فروری ۔ایک برطانوی خاتون نے اپنے علاقے کی لائبریری سے 56سال قبل نکلوائی گئی کتاب واپس کر دی۔برطانیہ کی نارتھ ٹینسائیڈ کونسل کے مطابق 70سالہ لیزلے ہیریسن نے عملے کو بتایا کہ اپریل 1966میں 14برس کی عمر میں جب وہ وائٹلے بے گرامر اسکول میں تھیں تو انہوں نے جرمن زبان کی ٹیکسٹ بک(Deutsch Ich Lerne ) وائٹلے بے لائبریری سے نکلوائی تھی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں علم تھا کہ انہوں نے کتاب واپس نہیں کی ہے اور جب وہ اپنے والدین کے گھرسے دوسری جگہ منتقل ہوئیں تو ان کا خیال تھا کہ وہ اس پر عائد ہونے والا جرمانہ ادا نہیں کر سکیں گی لہٰذا وہ دراز میں ہی پڑی رہی۔ انہوں نے کافی سفر کیا اور یہ کتاب ان کے ساتھ رہی، لیزلے نے بتایا کہ انہوں نے یہ سننے کے بعد کہ کونسل نے لائبریری کتب کو تاخیر سے جمع کرائے جانے پر عائد کی جانے والی جرمانے کی فیس ختم کردی ہے، پرکتاب لوٹانے کا فیصلہ کیا۔

Related Articles