انرجی بچت منصوبہ، لندن کی بلند و بالا عمارتوں کی لائٹیں بند یا مدھم کرنیکی تجویز
لندن ،فروری ۔انرجی کی بچت کا منصوبہ۔ لندن سٹی کی گورننگ باڈی نے لندن کی بلندوبالا عمارتوں کی لائٹین بند یا مدھم کرنے کی تجویز پیش کردی۔ پلان میں کہا گیا ہے کہ اب کرفیو ٹائمز کے تعین کی ضرورت ہے، جب سوائے حفاظتی نقطہ نظر سے ضروری کے علاوہ تمام لائٹیں بند یا مدھم کردی جائیں۔ اس سے انرجی کی بھی بچت ہوگی اور آلودگی میں بھی کمی ہوگی۔ موجودہ عمارتوں کی ان تجاویز پر عملدرآمد کیلئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ وہ لائٹنگ کی منصوبہ بندی کے ذیلی منصوبے پر غور کررہی ہے، جس کے تحت موجودہ عمارتوں میں لائٹنگ کے بارے میں مستقبل کی منصوبہ بندی موجود ہے۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ نئی عمارتوں کے مالکان کو موجودہ عمارتوں کی لائٹنگ کے بارے میں گائیڈنس فراہم کی جائے اور انھیں بتایا جائے کہ اگر ان کی عمارتیں حساس علاقوں یا ہیری ٹیج ایریا میں واقع ہیں تو وہ ان عمارتوں میں روشنی کی ضرورت پر غور کریں اور یا تو اپنی عمارتوں کی لائٹیں معمول سے پہلے ہی بند کردی جائیں یا انھیں مدھم کردیا جائے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دکانداروں اور عمارت کے مالکان کو نئی رضاکارانہ لائٹنگ کے چارٹر پر دستخط کرنے ترغیب دی جائے تاکہ سٹی میں روشنی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔ ان تجاویز کا مقصد رہائشی عمارتوں میں مصنوعی لائٹ کے تاثرات کو کم کرنا اور سٹی کارپوریشن کو 2040 تک کاربن کے اخراج کو بالکل ختم کرنے کا ہدف پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ لندن کارپوریشن کی منصوبہ بندی اور ٹرانسپورٹیشن کمیٹی کے چیئرمین شراوان جوشی کا کہنا ہے کہ شہر ایک منفرد جگہ ہے، جہاں ہفتے کے 7 دن 24 گھنٹے کاروبار جاری رہتا ہے اور ٹرانسپورٹ چلتی رہتی ہے۔ اس ڈاکومنٹ میں لائٹنگ کی ذہانت سے بھرپور حساس طریقہ کار کا تعین کرنا ہے، جس سے شہر کے تحفظ اور اس تک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے اس کے تاریخی کردار اور شہریوں کی سہولتوں کا تحفظ کرنا ہے، اس حوالے سے تجویز پر کارپوریشن کی جانب سے مشاورت 17 فروری تک جاری رہے گی۔