رہنے اور کام کرنے کیلئے حیدرآباد کوہندوستان میں بہترین شہر کا درجہ حاصل
حیدرآباد15ستمبر(یواین آئی) رہنے اور کام کرنے کے لئے حیدرآباد کوہندوستان میں بہترین شہر کا درجہ حاصل ہوا ہے۔جے ایل ایل سٹی مومنٹم انڈیکس 2020میں دنیا کے بہترین شہر کا درجہ ملنے کے بعد موتیوں کو اس شہر کو اب ان 34شہروں میں شامل کیاگیا ہے جورہنے اور کام کرنے کے لئے ہندوستان میں بہترین شہر شمار کئے گئے ہیں۔یہ درجہ ویب سائٹ Holidify.com کے سروے کے حصہ کے طورپر دیاگیا ہے۔یہ ویب سائٹ مسافرین کو ان کی ترجیحات کے مطابق صحیح منزل کی تلاش اور رکاوٹ سے پاک چھٹیاں منانے کے منصوبہ میں مدد دیتی ہے۔اس سروے میں حیدرآباد کو سرفہرست رکھاگیا ہے۔حیدرآباد کو 5میں سے 4اسکور حاصل ہوا ہے۔اس شہر نے ممبئی، پونے، بنگالورو اور چینئی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اس سروے کے مطابق ستمبر اورمارچ کے درمیان کا وقفہ اس شہر میں رہنے کے لئے موزوں ہے جہاں تاریخی مقامات جیسے چارمینار، گولکنڈہ اور راموجی فلم سٹی ہیں۔اس ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حیدرآباد جنوبی ہند کے نیویارک میں تبدیل ہوتاجارہا ہے۔یہ شہر تمام تجارتی اور صنعتی مقاصد کے لئے محفوظ اور بہترین مقام ہے۔یہاں کئی خوب صورت مقامات بھی ہیں۔