راج ناتھ نے نیپال، سری لنکا کے وزرائے دفاع سے کی بات چیت

بنگلورو، فروری ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو یہاں ایرو انڈیا 2023 کے موقع پر نیپال اور سری لنکا کے وزرائے دفاع ہری پرساد اوپریتی اور پریمیتا بندارا ٹیناکون کے ساتھ بات چیت کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اس میگا ایئر شو کا افتتاح کیا۔جناب راج ناتھ سنگھ نے نیپال اور سری لنکا کے وزرائے دفاع، بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے سلامتی کے مشیر میجر جنرل طارق احمد صدیقی سے بھی بات چیت کی۔وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا ’’بنگلور میں ایرو انڈیا شو کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے سیکورٹی مشیر میجر جنرل طارق احمد صدیقی اور نیپال کے وزیر دفاع ہری پرساد اوپریتی کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ ہم قریبی شراکت داری اور مشترکہ مفادات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مسلسل تعاون کے منتظر ہیں۔ سری لنکا کی وزیر مملکت برائے دفاع پریمیتا بندارا ٹیناکون کے ساتھ بات چیت کرکے خوشی ہوئی۔ایرو انڈیا 2023 میں 80 سے زیادہ ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ ’ایرو انڈیا 2023‘ میں تقریباً 30 ممالک کے وزراء اور عالمی اور ہندوستانی او ای ایم کے 65 سی ای اوز کی شرکت متوقع ہے۔ ایرو انڈیا نمائش میں تقریباً 100 غیر ملکی اور 700 ہندوستانی کمپنیوں سمیت 800 سے زیادہ دفاعی کمپنیاں حصہ لیں گی۔ہندوستانی کمپنیاں، ایم ایس ایم ای اور اسٹارٹ اپ ملک میں مخصوص ٹیکنالوجیز، ایرو اسپیس میں ترقی اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کا مظاہرہ کریں گے۔ایونٹ کے نمایاں نمائش کنندگان میں بوئنگ، لاک ہیڈ، اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز، جنرل اٹامکس، لائبرر گروپ، ریتھیون ٹیکنالوجیز، سفران، جنرل اتھارٹی آف ملٹری انڈسٹریز(جی اے ایم آئی) وغیرہ کی شرکت کا مشاہدہ کریں گے۔ گھریلو پی ایس یوز جیسےایچ اے ایل، بی ای ایل، بی ڈی ایل، بی ای ایم ایل لمٹیڈ اور مشرا دھاتو نگم لمٹیڈ بھی شرکت کریں گے۔ ہندوستان کی پریمیئر پرائیویٹ ڈیفنس اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ کمپنیاں جیسے کہ لارسن اینڈ ٹوبرو، بھارت فورج، ڈائنمیٹک ٹیکنالوجیز، برہموس ایرو اسپیس بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گی۔

 

Related Articles