ٹرمپ نے کورونا کی سنگینی سے متعلق حقائق چھپائے، کتاب میں دعویٰ
واشنگٹن، امریکہ میں منظر عام پر آنے والی ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2020کے آغاز میں ہی اندازہ تھا کہ کورونا وائرس امریکہ میں کتنا ہلاکت خیز ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا تاکہ شہریوں میں خوف نہ پھیلے۔امریکی صدر نے امریکی شہریوں سے حقیقت چھپائی اور اْنہیں وبا کی شدت سے متعلق آگاہ نہیں کیا۔یہ دعویٰ معروف امریکی صحافی باب وڈورڈ نے اپنی نئی کتاب Rage میں کیا ہے جس کے بعض اقتباسات بدھ کو اخبار واشنگٹن پوسٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ نے شائع کیے ہیں۔کتاب کے مطابق رواں برس 28 جنوری کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران مشیر برائے قومی سلامتی رابرٹ سی اوبرائن نے صدر ٹرمپ کو خبردار کر دیا تھا کہ کورونا وائرس ان کے دورِ صدارت کا سب سے بڑا اور مشکل ترین مسئلہ ثابت ہو گا۔اس اجلاس کے 10 روز بعد باب وڈورڈ کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں صورتحال اس سے کہیں زیادہ خوف ناک ہے۔