امریکانے ایران کی پیٹروکیمیکل اورپیٹرولیم کمپنیوں پرنئی پابندیاں عایدکردیں

واشنگٹن،فروری۔ امریکانے ایران کی بعض پیٹروکیمیکل اورپیٹرولیم کمپنیوں پر نئی پابندیاں عایدکردی ہیں۔ان کمپنیوں پرالزام ہے کہ وہ ایشیا میں خریداروں کو ایرانی پیٹروکیمیکل اور پیٹرولیم کی پیداوار، فروخت اور شپمنٹ میں اہم کرداراداکررہی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران میں قائم چھے پیٹرو کیمیکل مینوفیکچررز اور ان کے ماتحت اداروں اور ملائیشیا اور سنگاپور میں قائم تین فرموں پرپابندیاں عایدکی ہیں۔انھوں نے مبیّنہ طور پرایران کی کروڑوں ڈالرمالیت کی پیٹروکیمیکل مصنوعات اور پیٹرولیم کی پیداوار، فروخت اورمال برداری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور فنانشیل انٹیلی جنس برائن نیلسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی پیٹروکیمیکل اور پیٹرولیم مصنوعات فروخت کررہا ہے اور اس مقصد کے لیے مشرقی ایشیا میں خریداروں کارْخ کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکاکی توجہ تہران کی غیرقانونی آمدن کے ذرائع کو نشانہ بنانے پرمرکوز ہے اور وہ ان لوگوں کے خلاف اپنی پابندیوں کا نفاذ جاری رکھے گا جواس تجارت میں کسی بھی طرح مدد فراہم کرتے ہیں۔

Related Articles