رونالڈو کو پرکشش سیلری کے باوجود ماہر باورچی کی تلاش
میڈرڈ،جنوری۔پرتگالی سٹار کرسٹیانو رونالڈو کو پرکشش تنخواہ کے ساتھ ایک ماہر باورچی کی تلاش ہے۔ تاہم لگتا یہ ہے کہ ان کی پسند کا باورچی ملنا آسان نہیں۔ معاملہ صرف کھانا پکانے کی مہارت تک محدود نہیں ہے ، کھانا پکانے اور پیش کرنے کے فن میں مہارت ہونے کے ساتھ بہت سی دیگر چیزوں کو عملی جامہ پہنانے میں مہارت ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مطلوبہ شیف کو مقامی اور بین الاقوامی مشہور کھانوں کی تراکیب پر عبور ہونے کے ساتھ رونالڈو اور اہل خانہ کی پسندیدہ مخصوص کھانے پکانے کا ماہر بھی ہونا چاہیے۔ہسپانوی اخبار ’’ مارکا‘‘ کے مطابق سعودی النصر کلب کا حصہ بن جانے والے پرتگالی سٹار اپنی تجویز کردہ پرکشش تنخواہ کے باوجود مطلوب صلاحیتوں والے شیف کو تلاش نہیں کر سکے اور تاحال اپنی پسند کے شیف کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔پرتگالی اخبار ’’ کوریو ڈی مانہا‘‘ نے بتایا کہ رونالڈو ہوم شیف کے لیے ماہانہ 5200 یورو کی پیش کش کر رہے ہیں۔ یہ رقم 5651 ڈالرز کے لگ بھگ بنتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رونالڈو نے لزبن سے زیادہ دور زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کیا تھا، جس پر وہ ایک چھوٹا محل تعمیر کریں گے۔ یہ محل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی رہائش بنے گا۔ اس پراپرٹی کا رقبہ 2720 مربع میٹر ہے۔ اس کی قیمت کا تخمینہ 21 ملین یورو یا لگ بھگ 22 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس ریٹائرمنٹ پیلس کے لیے النصر سٹرائیکر کو ملازمین کی تلاش ہے جن میں کھانا پکانے اور باورچی خانے کے امور کے ذمہ دار بھی شامل ہیں۔دوسری طرف رونالڈو کی درخواستیں آسان اور سادہ نہیں ہیں۔ ڈان کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے شیف کو بہت سی مقامی اور بین الاقوامی پکوانوں کا علم ہونا چاہیے، خاص طور پر وہ پکوان جو جوڑے کی ترجیحات میں شامل ہیں ان میں مہارت ہونا لازمی ہے۔ ان کھانوں میں جاپانی سوشی یا رونالڈو کا پسندیدہ گرلڈ کوڈ بھی شامل ہے۔
معاہدہ میں رازداری کی شقیں:مزید برآں ملازمت کے معاہدے میں شامل زیادہ تر شقو ں کا تعلق رازداری پر مبنی ہے۔ رونالڈو اور ان کی ساتھی جورجینا روڈریگز اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جو کچھ ان کے گھر کی دیواروں کے اندر ہوتا ہے وہ گھر میں بند رہے اور اسے کبھی میڈیا پر ظاہر نہ کیا جائے۔ رونالڈو کچھ عرصہ قبل ہی مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے کے بعد سعودی النصر کلب میں شامل ہوگئے ہیں اور سعودی عرب آگئے ہیں۔