اگر لوگوں کوبھروسہ نہ ہو، تو میں خود کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کو تیار ہوں: ہرش وردھن
نئی دہلی،صحت وخاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین اگلے سال مارچ تک تیار ہوسکتی ہے اور اگر لوگوں کو اس کے حفاظتی پہلو پر کوئی خدشہ تو وہ خوشی خوشی اس ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے لئے تیار ہیں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ‘سنڈے سنواد’ کے نام سےایک نیا پروگرام شروع کیا ہے، جس میں وہ لوگوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہیں۔ یہ پروگرام گزشتہ اتوار کے روز شروع ہونا تھا، لیکن ان کی والدہ کی وفات کی وجہ سے آج سے اس کا آغاز ہوسکا۔ انہوں نے پروگرام کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے انتظام اور کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق بہت سے سوالات کے جوابات دیئے۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی شروعات کے لیے ابھی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، لیکن یہ اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں تیار ہونے کی امید ہے۔ حکومت ویکسین کے انسانی تجربے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہیں اور نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال کی سربراہی میں کووڈ ۔19 کی ویکسین سے متعلق ماہرین کی قومی کمیٹی تشکیل دی گئي ہے۔ یہ ماہر گروپ ہی یہ فیصلہ کرے گا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ ویکسین دی جاسکے۔ اس کے علاوہ ویکسین کی حفاظت، اس کی قیمت، کولڈ چین کی ضرورت، مینوفیکچرنگ کے امور پر بھی گہرائی سے غور وخوض کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ یہ ویکسین پہلے انہیں دی جائے گی جن کو اس کی شدید ضرورت ہوگی، خواہ وہ اس کی قیمت ادا کرنے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں”۔