برطانوی اداکار جولین سینڈز کیلیفورنیا میں لاپتہ
کیلیفورنیا،جنوری۔برطانوی اداکار جولین سینڈز کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ جنوبی کیلیفورنیا میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کیمطابق، 65 سالہ برطانوی اداکار کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ان کی اہلیہ نے جمعے کے روز دی تھی۔اْنہوں نے بتایا کہ اداکار سان گیبریل پہاڑوں کے علاقے بالڈی باؤل میں ہائیکنگ کے لیے گئے تھے۔اس حوالے سے ایک امریکی ٹی وی نیایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر نشر کی کہ اداکار بالڈی باؤل میں ہائیکنگ کے لیے گئے اور پھر ان کے واپس نہ آنے پر ان کی فیملی نے گمشدگی کی اطلاع دی۔رپورٹ کے مطابق، جولین سینڈز کی گمشدگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوری طور پر ان کی تلاش شروع کردی گئی لیکن برفانی تودے کے خطرات اور پگڈنڈی کے خراب حالات کی وجہ سے تقریباً 24 گھنٹے بعد یہ کوشش روک دی گئی۔تاہم ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کے ذریعے وقفے وقفے سے اداکار کی تلاش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جبکہ حکام کی جانب سے موسم کی خراب صورتحال میں بہتری آنے کے بعد زمینی سطح پر بھی تلاش دوبارہ شروع کردی جائے گی۔واضح رہے کہ بالڈی باؤل، لاس اینجلس کے شمال مشرق میں تقریباً 50 میل کے فاصلے پر ماؤنٹ بالڈی سکی ایریا کے بالکل نیچے، سکیرز، کوہ پیماؤں اور پیدل سفر کرنے والوں کے لیے ایک مشہور مقام ہے۔