جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکے، 7 زخمی:پولیس

جموں، جنوری۔پولیس کا کہنا ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں ہفتے کی صبح قریب پونے گیارہ بجے دو پر اسرار دھماکے ہوئے جن میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں مکیش سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے نروال میں دو دھماکے ہوئے جن میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔انہوں نے جائے واردات پر میڈیا کو بتایا کہ ایک پرانی بلیرو گاڑی کھڑی تھی جس میں گیارہ بجے کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں وہاں موجود پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا اور ان سب کی حالت مستحکم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد علاقے کو خالی کرایا گیا اور اس دوران ایک اور دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص معمولی زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں کم سے کم 7 افراد زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا گیا ہے۔زخمیوں کی شناخت سہیل کمار ولد محمد اقبال ساکن استاد محلہ جموں، سشیل کمار ولد رمیش کمار ساکن پریم نگر ڈوڈہ، ویشپ پرتاب ولد بابو سنگھ ساکن کانہ چک جموں، ونود کمار ولد کاکو رام ساکن چک بکتاور آر ایس پورہ، ارن کمار ساکن قاسم نگر باوی، امت کمار ولد گلشن کمار ساکن باہو فورڈ جموں اور راجیش کمار ولد درشن کمار ساکن باوی جموں کے بطور ہوئی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔دریں اثنا پولیس کے اعلیٰ عہدیدار حالات کا جائزہ لینے کے لئے جائے وادات پر پہنچ گئے ہیں۔واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ پہلا دھماکہ قریب گیارہ بجے ہوا اور اس کے پندرہ منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوا۔ایک اور شہری نے بتایا کہ پہلے دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ دوسرے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ یہ دھماکے اس وقت ہوئے ہیں جب بھارت جوڑ یاترا کے جموں پہنچنے اور یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے حالیہ دورہ جموں کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبہ جموں میں تین ماہ کے اندر اندر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

Related Articles