لندن یوکرین میں جنگی جرائم پر بحث کیلئے انٹرنیشنل اجلاس کی میزبانی کرے گا

لندن ،جنوری ۔ لندن یوکرین میں ہونے والے جنگی جرائم پر بحث کرنے کیلئے انٹرنیشنل اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ موسم بہار میں دنیا بھر کے جسٹس منسٹرز جب لندن میں انٹرنیشنل اجلاس میں شرکت کریں گے تو یوکرین میں مبینہ روسی جنگی جرائم کی انویسٹی گیشن ایجنڈے پر سرفہرست ہوگی۔ برطانیہ کے ڈپٹی پرائم منسٹر اور جسٹس سیکرٹری ڈومینک راب ڈچ ہم منصب کے ساتھ مارچ میں لنکاسٹر ہائوس میں اس اجلاس کی میزبانی کریں گے۔ یہ گروپ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر کریم خان سے عدالت کے کام اور اس کی تحقیقات کی حمایت میں انٹرنیشنل کمیونٹی کے کردار کے بارے میں سنے گا۔ یہ اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب روسی صدر ولادی میر پیوٹن منجمد کر دینے والے ٹمپریچر میں یوکرین کے شہریوں کو اندھیرے میں ڈبونا اور سینٹرل انرجی انفراسٹرکچر کوٹاگٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مسٹر خان اس وقت ان الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ روسی فوجیوں نے یوکرین پر حملے کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ کیف کا دعویٰ ہے کہ 11 ماہ کی لڑائی کے دوران شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا اور شہریوں کی عصمت دری کی گئی۔ مسٹر راب کا کہنا ہے کہ روسی افواج کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ انہیں بے لگام نہیں چھوڑا جا سکتا اور ہم انصاف کی فراہمی تک یوکرین کی حمایت کریں گے۔ یوکرین پر غیر قانونی حملے کے تقریباً ایک سال بعد دوران انٹرنیشنل کمیونٹی کو آئی سی سی کی بھرپور حمایت کرنی چاہئے تاکہ ڈھائے جانے والے ان جنگی جرائم پر جنگی مجرموں کا محاسبہ کیا جا سکے جو ہم دیکھ رہے ہیں۔ منسٹری آف جسٹس کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس ممالک کو اس بات کا تعین کرنے کی اجازت دے گا کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کو مزید مدد کیسے فراہم کی جائے۔ حکام نے کہا کہ اس میں عملی مدد کی پیشکش جیسا کہ معلومات اکٹھی کرنے میں مدد اور زمین پر ہونے والے مظالم کے شواہد کا اشتراک کرنا شامل ہے۔ منسٹرز اس بات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے کہ کس طرح متاثرین اور گواہوں کو مزید تکلیف پہنچائے بغیر گواہی فراہم کرنے میں مدد کی جائے۔ لندن اجلاس کے شریک میزبان اور نیدرلینڈ کے جسٹس منسٹر ڈیلان یسیلگوز زیجیریس نے کہا کہ یوکرین پر روس کے مسلح اور بلا اشتعال غیر قانونی حملے کی رپورٹس اور تصاویر خوفناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بالکل واضح ہے کہ ان جرائم کو سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ گزشتہ سال برطانیہ نے آئی سی سی کی سپورٹ کیلئے ایک پیکیج پیش کیا تھا، جس میں 1 ملین پونڈ کی اضافی فنڈنگ اور مخلص و سرشار پولیس اسسٹنس شامل تھی۔ منسٹری آف جسٹس نے کہا کہ وہ جنگی جرائم کے مقدمات چلانے کیلئے یوکرین کے ججز کو تربیت دینے میں بھی شامل تھی اور اس نے برطانوی قانونی ماہرین کی مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔

Related Articles