سلمان خان نے تذلیل کی، جنسی، جسمانی و ذہنی تشدد کیا، سابق اداکارہ سومی علی
ممبئی،جنوری۔ماضی کی مقبول پاکستانی نڑاد امریکی و بھارتی اداکارہ سومی علی نے سلمان خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نے 8 سال تک انہیں تذلیل و استحصال کا نشانہ بنایا۔سومی علی کا شمار 1990 کی مقبول بولی وڈ ہیروئنز میں ہوتا ہے، انہوں نے سلمان خان، سنجے دت، سنیل شیٹھی اور متھن چکرورتی سمیت اس دور کے مقبول ہیروز کے ساتھ فلمیں کیں۔سومی علی نے تقریباً ایک درجن کے قریب بولی وڈ فلموں میں کام کیا تھا، وہ 1990 سے قبل 16 برس کی عمر میں فلموں میں کام کرنے کے لیے امریکا سے بھارت گئی تھیں۔سومی علی کی پیدائش پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور وہیں انہوں نے بچپن گزارا، بعد ازاں وہ اہل خانہ سمیت امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔سومی علی نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پر پہلے سلمان خان کے خلاف سخت پوسٹ کرتے ہوئے اس میں نامناسب الفاظ کا استعمال بھی کیا، تاہم جلد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد انہوں نے متعدد پوسٹس شیئر کیں۔سلسلہ وار پوسٹس کو شیئر کرتے وقت انہوں نے اپنی پرانی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ انہوں نے پہلی پوسٹ اس لیے ڈیلیٹ کی، کیوں کہ اس میں نامناسب الفاظ تھے۔ایک پوسٹ میں انہوں نے ماضی میں سلمان خان کے ساتھ تعلقات میں رہنے کے 8 سال کے واقعات کا ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ مذکورہ 8 سال ان کی زندگی کے بدترین سال تھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سلمان خان انہیں 8 سال تک استحصال و تذلیل کا نشانہ بناتے رہے، انہیں تنہائی سمیت سب کے سامنے یہ احساس دلاتے رہے کہ وہ بہت ہی گری ہوئی اور چھوٹی ہیں۔سومی علی کے مطابق سلمان خان کا رویہ ایسا ہوتا تھا جیسے وہ ان سیتعلقات استوار کرکے ان پر احسان کر رہے ہوں۔انہوں نے لکھا کہ کئی سال تک پہلے سلمان خان انہیں اپنی گرل فرینڈ ماننے کو تیار نہیں تھے اور جب کافی عرصے بعد انہوں نے انہیں اپنی محبوبا تسلیم کیا تو انہیں سب کے سامنے ذلیل کرنے لگے۔ماضی کی مقبول اداکارہ نے سلمان خان پر ذہنی و جسمانی تشدد کے سنگین الزامات بھی لگائے اور کہا کہ وہ ان کا استحصال بھی کرتے رہے۔سومی علی نے یہ اعتراف بھی کیا کہ سلمان خان کے ساتھ تعلقات میں رہنے کے دوران ان کے تشدد و استحصال سے بچنے کے لیے انہوں نے دوسرے مرد حضرات سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے لکھا کہ جیسے ہی انہوں نے دوسرے مرد حضرات سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی اور سلمان خان کو جب اس بات کا علم ہوا تو وہ خفا ہوگئے اور ان پر بدترین تشدد کیا اور ساتھ ہی انہیں کہا کہ عورتوں کو ایسا کرنے کا حق نہیں، صرف مرد ہی ایک سے زائد خواتین سے تعلق استوار کر سکتے ہیں۔سومی علی نے یہ بھی لکھا کہ جس طرح وہ خود کو محفوظ رکھنے کے لیے دوسرے مرد حضرات سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، اسی طرح باقی مرد حضرات نے بھی انہیں استعمال کیا، تاہم انہوں نے باقی افراد کے نام نہیں لکھے۔اپنی پوسٹس میں انہوں نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایسا نہ سمجھیں کہ سلمان خان سب کے ساتھ اچھے ہیں۔ایک پوسٹ کے اختتام پر لکھا کہ انہیں سلمان خان کے ساتھ زندگی گزارنے کے دوران بدترین جنسی، ذہنی و جسمانی تشدد کو برداشت کرنا پڑا۔ماضی کی اداکارہ نے سلمان خان کے خلاف متعدد پوسٹس کیں، جن میں انہوں نے ان کے خلاف وہی الزامات لگائے اور ان کے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا۔سومی علی نے ایک پوسٹ میں سلمان خان کو بولی وڈ کا ’ہاروی وائنسٹن‘ بھی قرار دیا اور لکھا کہ اب ان کا احتساب ہونا چاہیے۔سومی علی کی پوسٹس اور الزامات کے بعد سلمان خان پر تنقید بھی کی گئی، تاہم ہزاروں افراد نے سابق اداکارہ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔سومی علی نے پہلی بار سلمان خان کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں، اس سے قبل اپریل 2021 میں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان، ان کے اہل خانہ اور خصوصی طور پر والدہ کی تعریفیں کی تھیں۔سومی علی نے ڈیڑھ دہائی تک بھارت میں وقت گزارا اور 2000 کے بعد واپس امریکا چلی گئیں اور انہوں نے ’نو مور ٹیئرز‘ نامی این جی او کی بنیاد ڈالی۔سومی علی کا فلاحی ادارہ استحصال اور ہراسانی کی شکار خواتین کو مدد فراہم کرتا ہے۔