بخار ہونے پر بچوں کو اسکول نہ بھیجا جائے

انگلینڈ کیلئے والدین کو یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کی ہدایت

لندن،جنوری۔یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی نے انگلینڈ کیلئیوالدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو طبیعت خراب ہونے یا بخار ہونے کی صورت میں انہیں اسکول نہ بھیجا جائے، اس ہدایت کا اطلاق نرسری جانے والے بچوں پر بھی ہوگا۔ ایجنسی کے مطابق فلو اور کوویڈ19کے علاوہ اسکارلٹ فیور کے متعدد کیسز سامنے آرہے ہیں، کرسمس کی تعطیلات کے بعد بچوں کی اسکول واپسی سے قبل اس ہدایت کا ہیڈ ٹیچرز یونین نے خیرمقدم کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق فلو اور کوویڈ کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر سوسن ہاپکنز نے کہا کہ اگر بچے کی طبیعت ٹھیک نہیں اور اسے بخار ہے تو اسے طبیعت درست ہونے تک اسکول نہ بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھونا اور چھینک آنے کی صورت میں منہ پر ٹشو منہ پررکھنیکے بعد اسے بن میں پھینک دیا جائے، انہوں نے کہا کہ بالغ افراد بھی طبیعت اچھی نہ ہونے پر گھر میں ہی رہیں اور باہر جانے کی صورت میں ماسک کا استعمال کریں۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق9دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں 14لاکھ افراد یعنی ہر45میں سے ایک شخص کوویڈ سے متاثر تھا، ہسپتالوں میں 2017-18کے بعد فلو کے سبب داخل ہونے والوں کی شرح بھی بلند ترین رہی۔ ہیلتھ حکام نے کہا ہے کہ والدین اسٹریپ اے کے متعلق بھی آگاہی حاصل کریں۔ انگلینڈ میں دسمبر کے آغاز کے بعد اسکول میں طلبہ کی غیر حاضری کا تناسب بڑھ گیا تھا، انگلینڈ میں بیشتر اسکول بدھ سے کھل گئے ہیں۔

Related Articles