شیزان کی بہنوں نے تونیشا کی حجاب والی تصویر کی اصل کہانی بتادی
ممبئی،جنوری۔آنجہانی اداکارہ تونیشا شرما کی حجاب میں موجود تصویر کی اصل کہانی سامنے آگئی۔ ٹیلی ویڑن ڈرامہ سیٹ پر خودکشی کرنے والی تونیشا کے اہلِ خانہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کے سابقہ بوائے فرینڈ شیزان خان اور ان کے اہلِ خانہ نے تونیشا کو زبردستی حجاب کرنے پر مجبور کیا۔تاہم اب شیزان خان کی بہنوں فلق ناز اور شفق ناز نے ایک ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کرتے ہوئے نہ صرف ان تمام الزامات کا جواب دیا بلکہ ان کے وکیل نے تونیشا شرما کی والدہ اور نام نہاد ماموں سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کیے۔ شیزان کی بہنیں تونیشا شرما کی یوٹیوب پر موجود ایک کلپ کی تصویر اٹھا لائیں اور کہا کہ شیزان نے یا گھر والوں نے کبھی بھی تونیشا کو حجاب کرنے کا نہیں کہا۔ انہوں نے اپنی بات کو تصویر کے تناظر میں واضح کیا کہ یہ ایک شوٹ کا حصہ ہے اور تونیشا کو ہم نے نہیں بلکہ چینل نے حجاب پہننے پر مجبور کیا تھا۔ شیزان کی بہن فلق ناز کا کہنا تھا کہ شیزان کی کوئی دوسری یا ’خفیہ‘ گرل فرینڈ نہیں تھی۔ ایک لڑکی کو شیزان کے خلاف بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تونیشا کی والدہ اعتراف کرچکی ہیں کہ انہوں نے بیٹی کی پرورش میں کوتاہی برتی اور اس کی دیکھ بھال نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تونیشا کا ڈپریشن کا شکار ہونا ان کے بچپن کے ان مسائل کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ آنجہانی تونیشا شرما کی والدہ ونیتا شرما نے الزام عائد کیا تھا کہ شیزان کے اہلِ خانہ نے ان کی بیٹی کو حجاب پہننے پر مجبور کیا تھا جبکہ یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ شیزان خان کی ایک خفیہ گرل فرینڈ موجود ہے۔