سعودی عرب ہنڈائی کے ساتھ مل کر الیکٹرک کار اسمبل پلانٹ بنانے کا خواہاں

ریاض،جنوری۔سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل نے جنوبی کوریا کی ہنڈائی موٹر کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت کا مقصد خطے میں آٹو انڈسٹری کے لیے مشترکہ تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ مقامی صنعتوں کی ترقی کے متعلق قومی حکمت عملی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ سعودی عرب اپنے ’’ویڑن 2030 ‘‘ کے اہداف کے تحت مینو فیکچرنگ کی صلاحیتیں بڑھانا اور مملکت میں اقتصادی بنیاد کو متنوع بنانا چاہتا ہے۔وزارت صنعت نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ مفاہمت کی یادداشت سعودی عرب میں قائم الیکٹرک کاروں اور اندرونی کمبشن انجن کاروں کے لیے ایک مکمل اسمبلی پلانٹ کی تعمیر کی منصوبہ بندی پیش کرتی ہے۔وزارت کے مطا بق یادداشت پر دستخط سے قبل ہنڈائی کمپنی نے اس معاملہ میں دلچسپی ظاہر کی اور مملکت کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ کاروبار اور منصوبوں میں قیادت حاصل کرنے کی سمت کام کیا جا سکے۔یاد رہے صنعت کے لیے قومی حکمت عملی کا مقصد آٹوموٹیو سیکٹر کو مقامی بنانا اور اس میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا ہے۔ سعودی عرب میں ہلکی کاروں کی فروخت میں اگلی دہائی کے دوران 2.2 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

Related Articles