طلبہ وسیع تر مفاد میں ٹیلنٹ کا استعمال کریں: صدرجمہوریہ

حیدرآباد۔ دسمبر۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ خود بااختیار بنیں اور دوسروں کو بھی بااختیار بنائیں۔ انہوں نے شہرحیدرآبادکے جی نارائنماں انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس فار ویمن، بی ایم ملانی نرسنگ کالج، سمن جونیر کالج آف مہیلا دکشتاسمیتی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو خود کی کامیابی پر مطمئن اور خوش نہیں ہونا چاہئے۔ ملک اور انسانیت کے تئیں ان کا فرض ہے۔ ان کو اپنی صلاحیت اور ٹکنالوجی کی اہلیت کا استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کے فائدے دور دراز علاقوں اور غریب سے غریب ترین تک پہنچنے چاہئیں۔اس کا استعمال سماجی انصاف کے آلہ کے طور پر کیا جانا چاہئے۔ انجینئرنگ نے ٹکنالوجی کی پیشرفت بشمول کمپیوٹرس، طبی آلات، انٹرنیٹ، اسمارٹ آلات اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں اہم رول ادا کیا ہے۔ پیشہ کے طور پر انجینئرنگ، آج کی دنیا میں کافی اہم ہوگئی ہے جس کے ذریعہ غیرمعمولی اور ایسے مسائل جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا کا فوری حل ممکن ہورہا ہے۔ مرمو نے کہا کہ دنیا کو بہتر مقام بنانے کی طاقت انجینئرس رکھتے ہیں۔ وہ جو حل مستقبل میں نکالیں گے وہ عوام مرکوز اور ماحول دوست ہوگا۔ آج کی دنیا کی ٹکنالوجی سماجی، معاشی، سیاسی، تعلیمی، ماحولیاتی ٹکنالوجی کے کئی ابعاد کی حامل ہے۔ ہر شعبہ میں اس کا اثر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انجینئرس عوام کے وسیع تر مفاد میں انوکھی ٹکنالوجیز بنائیں گے اور عوام کی زندگی کے معیار میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے انجینئرنگ اور ٹکنالوجی میں خواتین کے رول کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کئی جذبہ کے حامل خواتین کی مثالیں ہیں جو سرکردہ کمپنیوں کی مالک ہیں، جنہوں نے کئی اسٹارٹ اپس شروع کئے اور تمام شعبوں جیسے ٹیلی کام، آئی ٹی، ہوابازی، مشین ڈیزائن، کنسٹرکشن کے کام، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں میں اہم رول ادا کیا۔

Related Articles