وزیراعلیٰ نے 51 فوت صحافیوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپئے کا علامتی چیک پیش کیا
لکھنو:دسمبر۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی نے کہا کہ میڈیا جمہوریت کے چوتھے ستون کے طور پر محدود وسائل کے ساتھ جان کی پرواہ کیے بغیر جمہوری اقدار کو عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے۔ صحافی بھی کورونا انفیکشن کی وجہ سے جانی نقصان سے متاثر ہوئے۔ ریاست میں تسلیم شدہ صحافیوں میں سے 103 کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی۔ ان میں سے بہت سے صحافی اپنے کنبے کے واحد سہارا تھے۔ کورونا کے دور میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہ کچھ اقدامات کیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے کورونا انفیکشن کی وجہ سے فوت ہونے والے صحافیوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقم پچھلے سال 50 ایسے زیر کفالت افراد کو دستیاب کرائی گئی ہے۔ آج یہ رقم 51 لواحقین کو دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر کورونا انفیکشن سے فوت ہونے والے صحافیوں کے لواحقین میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ انہوں نے فوت ہونے والے 51 صحافیوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے کا علامتی چیک تقسیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوت ہونے والے 53 صحافیوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی رقم فراہم کی جانی تھی۔ فوت ہوئے صحافیوں کے 02لواحقین کے انتقال کی وجہ سے انہیں رقم فراہم نہیں کی جا سکی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ان متوفی کے زیر کفالت افراد کو رقوم کی فراہمی کے لیے کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم صحافیوں کو فراہم کی جانے والی رقم بہت کم ہے لیکن حکومت کی جانب سے ایک تعاون ہے کہ وہ بحران کی گھڑی میں تنہا نہیں ہیں۔ میڈیا فیملی کے ساتھ حکومت بھی ایک فیملی کی طرح اکٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کام کے شعبے مختلف ہو سکتے ہیں لیکن سب کا مقصد ایک ہی ہے عوامی فلاح کی خواہش، قومی فلاح کا احساس۔
وزیر اعلیٰ نے متوفی صحافیوں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہے اور انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی۔ جن کے بچے چھوٹے اور بے سہارا ہوں گے، انہیں حکومت کی دیگر اسکیموں سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں جن میں بے سہارا خواتین کی پنشن کے لیے ایکشن لینا ہو تو محکمہ اطلاعات کو اپنی سطح سے آگے بڑھانا چاہیے۔ مکیہ منتری بال سیوا یوجنا کے تحت اسکولوں اور کالجوں میں پڑھنے والے بچوں کو کور کرنے کے لیے کارروائی کی جائے۔ اس اسکیم میں ماہانہ 04 ہزار روپئے کی رقم فراہم کی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت صحافیوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے گورکھپور میں ایک ماڈل پر کام کر رہی ہے، تاکہ انہیں رہائش کے لیے بھٹکنا نہ پڑے۔ اگر یہ ماڈل کامیاب ہوجاتا ہے تو ہم اس اسکیم کو ہر شہر میں نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے سبھی ایڈیٹرز کی ایک ٹیم بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کون اہل ہو سکتا ہے، تاکہ صحیح لوگوں کو اس کا فائدہ پہنچے۔ اس سے ہر وہ صحافی جو سردی، گرمی، بارش، بیماری، دن رات کی پرواہ کیے بغیر جمہوری اقدار کے قیام کے لیے پوری وابستگی کے ساتھ کام کرتا ہے، مسلسل رپورٹنگ کرتا ہے، انتظامیہ کو اصل حقائق سے آگاہ کرتا ہے، ان کے لیے پناہ گاہ کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا آزاد اور جمہوری اقدار کا پابند ہے۔ میڈیا نے کورونا کے دور میں اچھا کام کیا۔ کورونا انفیکشن کے خلاف خود نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی تارکین وطن مزدوروں کی رپورٹنگ نے مختلف معاملات میں حکومت اور انتظامیہ کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے عام لوگوں کو کورونا انفیکشن سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کورونا ویکسین متعارف ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے صحافیوں کی ویکسینیشن کے لیے الگ بوتھ بنائے۔ کورونا ویکسینیشن میں ہیلتھ ورکرز کے بعد صحافیوں کو کورونا واریئرز کے طور پر ترجیح دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا گزشتہ 3 سال سے اس صدی کی سب سے بڑی وبا کی لپیٹ میں ہے۔ اس کی کئی لہریں دنیا میں آ چکی ہیں اور پھر اس کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں کورونا کے انتظام کو ڈبلیو ایچ او، یو این او سمیت مختلف ترقی یافتہ ممالک نے قبول کیا ہے، جن میں دنیا کے مشہور صحت ادارے تھے، لیکن وہ سب کورونا کی وبا کے سامنے ڈٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ٹیم ورک اور قومی نظم و ضبط نظر آیا وہیں کورونا پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی ملی۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ہندوستان کی 140 کروڑ آبادی میں قومی نظم و ضبط متعارف کرایا گیا۔
اس پروگرام کے لیے محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کہ آج سابق وزیر اعظم بھارت رتن قابل احترام اٹل بہاری واجپائی کا یوم پیدائش ہے۔ اٹل جی ملک کے مقبول لیڈر تھے۔ ایک کامیاب وزیر اعظم کے طور پر اپنے دور میں، انہوں نے سیاسی استحکام اور ہندوستان کو ایک بڑی طاقت کے طور پر قائم کرنے کے پروگرام پر عمل کیا۔ انہوں نے ملک کو دیہی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ماڈل دیا۔ ایک صحافی ہمیشہ اٹل جی کے ذہن میں رہتا تھا۔ انہوں نے کئی اخبارات اور رسائل کی ایڈیٹنگ کی۔ میڈیا کے ساتھ ان کا رابطہ اور تعلق بھی بہت خوشگوار تھا۔
چیف سکریٹری شری درگا شنکر مشرا نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔ پروگرام کو ایڈیشنل ڈائرکٹر انفارمیشن شری انشومن رام ترپاٹھی نے ترتیب دیا۔اس موقع پر پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ ،داخلہ اور اطلاعات جناب سنجے پرساد، ڈائرکٹر اطلاعات جناب ششر،،صحافی ،ایڈیٹراور دیگر معززین موجود تھے۔