مرمو، دھنکھڑ، مودی نے واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، دسمبر۔صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کو ان کے 98 ویں یوم پیدائش پرخراج عقیدت پیش کیا۔صدر، نائب صدر، وزیر اعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر سمیت کئی لیڈروں نے راج گھاٹ کے قریب مسٹرواجپئی کے سمادھی استھل سدیو اٹل جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔نائب صدر مسٹردھنکھڑ نے ٹویٹر پرکہا کہ مسٹراٹل بہاری واجپئی جی سب سے زیادہ قابل احترام لیڈروں اور سیاست دانوں میں سے ایک تھے، جنہیں جمہوریت، جامعیت اور ترقی کے تئیں ان کی مضبوط وابستگی کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہیں ہمیشہ ایک دوراندیش وزیر اعظم کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے 21ویں صدی کے لیے ہمارے ملک کی ترقی کا راستہ طے کیا۔مسٹر مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اٹل جی کی جینتی پرانہیں خراج عقیدت۔ ہندوستان کے لیے ان کا تعاون بے پناہ ہے۔ ان کی قیادت اور وژن لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے آج پنڈت مدن موہن مالویہ کو ان کے یوم پیدائش پر بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، “ماں بھارتی کے عظیم فرزند مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ جی کو ان کے یوم پیدائش پر عاجزانہ خراج عقیدت۔ ملک کی تعلیمی دنیا کی خوشحالی کے لیے انہوں نے اپنی زندگی وقف کر دی جس کے لیے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔لوک سبھا اسپیکر نے اپنے ٹویٹ میں مسٹرواجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا، ’’سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی جی کو ان کے یوم پیدائش پرخراج عقیدت۔ سیاست میں اخلاقیات کے اعلیٰ ترین معیار قائم کرنے والے اٹل جی نے اپنی پوری زندگی ملک کو نئے افق پر لے جانے کے لیے وقف کر دی۔ ان کے گڈ گورننس کے اصول پوری دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں۔مسٹر برلا نے پنڈت مدن موہن مالویہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا، "عظیم آزادی پسند، سیاست دان اور ماہر تعلیم مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ جی کو ان کے یوم پیدائش پرخراج عقیدت۔ اپنی مضبوط تحریر سے انہوں نے سماجی تفاوتوں کو دور کرکے قوم پرستانہ جذبے کو مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ ان کے نظریات ہندوستانی عوام کو ملک اور سماج کی خدمت کا راستہ دکھاتے رہیں گے۔