ویڈیو کی شوٹنگ کیلئے انوشکا شرما نے ٹریفک جام کروادی
ممبئی،دسمبر۔ تشہیری ویڈیو کی شوٹنگ کے لیے ممبئی میں ٹریفک جام کروانے پر شہری اداکارہ انوشکا شرما پر برس پڑے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ ویڈیو ایک بین الاقوامی برانڈ کے لیے شوٹ کی گئی جس میں انوشکا شرما ایک پرانی مگر یادگار کار میں ممبئی کے علاقے باندرہ سے متصل ایک روڈ پر سفر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔اداکارہ کی اس شوٹنگ کی وجہ سے اس روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا جس کے سبب اس سے ملحق دیگر سڑکیں بھی بند ہو گئیں اور شہریوں کو کافی خواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک پاپارازی کی طرف سے انوشکا کی شوٹنگ کی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہے، جس پر کمنٹس میں صارفین اداکارہ کو کافی سخت سست سنا رہے ہیں۔ایک صارف نے اپنے کمنٹ میں لکھا ہے کہ ’’ممبئی میں پہلے کم ٹریفک جام ہوتا تھا، آپ نے صورتحال مزید بگاڑ دی۔‘‘ ایک اور شخص نے لکھا کہ ’’پولیس ان لوگوں کو کچھ نہیں کہتی، مکمل ٹریفک جام کر رکھا ہے انہوں نے۔‘‘