بھارت: دھوکا دہی کے ملزمان سے ایشوریا رائے کا جعلی پاسپورٹ برآمد
دہلی،دسمبر۔بھارت میں دھوکا دہی کے ملزمان سے بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہوا ہے۔بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے تین ملزمان کو گریٹر نوئیڈا کے علاقے سے فراڈ اور دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس ملزمان سے یہ جاننا چاہتی ہے کہ وہ اس پاسپورٹ سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔ملزمان کے اس گینگ پر ایک فارمیسی کمپنی کے نام پر دہوکا دہی، ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کے فراڈ کے علاوہ شادی کرانے والی سائٹس اور ڈیٹنگ ایپس کے ذریعے لوگوں کو ہدف بنا کر فراڈ کرنے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ان ملزمان کے جرائم میں فوج کا ایک ریٹائر کرنل بھی شامل ہے۔دریں اثنا میڈیا کے مطابق ایشوریا کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل 2012 میں بھی ریاست گجرات سے ان کے پاسپورٹ کی ایک کاپی برآمد ہوئی تھی۔جس میں ان کی تصویر کے ساتھ پورا نام، تاریخ پیدائش یکم نومبر 1973 اور جائے پیدائش مینگلور کرناٹکا درج تھی، اس پاسپورٹ کی تجدید مئی 2006 میں کروائی گئی تھی۔