چدمبرم نے راجیہ سبھا میں چین کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی

نئی دہلی، دسمبر۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے پیر کو راجیہ سبھا میں چین کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی۔دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد اختصاص (نمبر-5 اور -2) بل 2022 پر بحث شروع کرتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے کہا کہ موجودہ گرانٹ کے مطالبات میں 500 کروڑ روپے کے دفاعی شعبے کی مانگ بھی شامل ہے۔ یہ رقم شمال مشرقی خطے میں سرحدی سڑکوں کی تعمیر اور ضروری فوجی انفراسٹرکچر تیار کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور یہ ایوان اس کے لیے جو بھی رقم درکار ہے دینے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے سیٹلائٹ سے معلوم ہوا ہوگا کہ چین کی جانب سرحد پر کیا سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ حکومت اس سے ایوان کو آگاہ کرے۔ جب حکمراں جماعت نے مسٹر چدمبرم کے اس بیان پر اعتراض کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی فوج کی تیاریوں کے بارے میں نہیں جاننا چاہتے ہیں بلکہ چین کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری مانگ رہے ہیں۔اس کے بعد انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے بالی میں جی۔20 اجلاس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں سرحدی تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ مسٹر چدمبرم کے اس بیان کی حکمراں جماعت نے سخت مخالفت کی اور انہوں سے کہا کہ وہ متعلقہ موضوع پر توجہ دیں۔

 

Related Articles