دلیپ کمار کے گھر کی بحالی کیلئے ’جھولی پھیلاؤ‘ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
پشاور،دسمبر۔ہندوستانی فلموں پر راج کرنے والے دلیپ کمار کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر خیبرپختونخوا کی کلچرل ہیریٹج کونسل نے دلیپ کمار کے خستہ حال گھر کی مرمت و بحالی کے لیے جھولی پھیلاو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے یوسف خان اور ہندوستانی فلموں پر راج کرنے والے دلیپ کمار کی سوویں سالگرہ پشاور میں ان کے آبائی گھر میں منائی گئی، جس میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کلچرل ہیریٹج کونسل خیبرپختونخوا نے چاکلیٹی ہیرو دلیپ کمار کے مکان کی خستہ حالی اور اسٹرکچر کی تباہ حال صورتحال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکان اگر ایک طرف دلیپ کمار کے نام سے جانا جاتا ہے تو دوسری طرف یہ مکان 128 سال پرانا ہونے کی وجہ سے ہیریٹج کی حیثیت رکھتا ہے۔صوبائی حکومت اور محکمہ آرکیالوجی اس کی تعمیر اور اس کو بچانے کی ذمہ دار ہے، ہر سال اس کی تعمیر کے جھوٹے دعوے کئے جاتے ہیں مگر عملی طور پر کچھ نظر نہیں آرہا۔سالگرہ میں شریک شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نو سال تک حکومت کرنے کے باوجود دلیپ کمار کے گھر پر توجہ نہیں دی۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر صوبے خصوصاً پشاور کے تاریخی ورثوں کو بچانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے، خصوصاً راج کپور حویلی اور دلیپ کمار کے گھروں کو بچائے، بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کرکے جھولی پھیلاو مہم شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔