یوگی حکومت نے پیش کیا33769.52کروڑ کا ضمنی بجٹ

لکھنؤ:دسمبر۔ اترپردیش اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن پیر کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے مالی سال 2022۔23 جت کےت 33769.52 کروڑ روپئے کا ضمنی بجٹ پیش کیا جس میں تقریبا 14ہزار کروڑ روپئے کی تجویز نئی اسکیموں پر خرچ کرنے کی ہے۔وزیر مالیات سریش کمارکھنہ نے اسمبلی میں ضمنی بجٹ کو ایوان میں رکھا وہیں قانون ساز کونسل میں نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ نے ضمنی بجٹ پیش کیا۔ دونوں ایوانوں میں اترپردیش کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے عزم کو دوہرایا گیا۔بجٹ میں فروری میں مجوزہ گلوبل انوسٹر سمٹ کے لئے 296 کروڑ کی تجویز ہے تو آئندہ سال میں یوپی میں منعقدہونے والی جی۔20 کے پروگراموں کے خرچ کے لئے بھی نظم کیا گیا ہے۔ وہیں اسٹارٹ اپ و انکیوبیٹر کے لئے 100 کروڑ ، وزیر اعظم گتی شکتی اسکیم کے لئے 200 کروڑ روپئے، اسمارٹ سٹی پروجکٹ کے لئے 899 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔سب سے زیادہ 8000 کروڑ روپئے کی رقم کی تخصیص انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو پرائیویٹ انڈسٹریل پارک و ہب کے طور پر فروغ دینے کے لئے ہے۔پریاگ راج کمبھ کو شاندار بنانے کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے ضمنی بجٹ میں 521 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 10اضلاع میں پائلٹ پروجکٹ پر عدالتی احاطے کی تعمیر کے لئے 400 کروڑ روپئے کی تجویز ہے۔ بجٹ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا دیرینہ پروجکٹ سی ایم فیلوشپ کا بھی دھیان رکھا گیا ہے تو سوچھ بھارت مشن، امرت یوجنا، اسمارٹ سٹی و وزیر اعظم آواس یوجنا کو آگے بڑھانے کے لئے بھی بجٹ میں خصوصی التزامات کئے گئے ہیں۔سڑکوں کی توسیع و مرمت کے لئے تقریبا 2ہزار کروڑ روپئے کامطالبہ ہے۔ یو نوجوانوں کو مفت ٹیبلٹ و اسمارٹ فون کے لئے 300 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اعظم گڑھ کے ہریہرپور میں سنگیت یونیورسٹی کے قیام کے لئے وزیر اعلی کے اعلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس کے لئے بجٹ میں پانچ کروڑ روپئے رکھے گئے ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو اسمبلی میں نئے کاریڈور کے علاوہ رولنگ پارٹی لابی و اپوزیشن لابی کا افتتاح بھی کیا۔ دونوں ہی لابی میں بیٹھنے کا مکمل نظم کیا گیا ہے اور ان کی دیواروں پر حکمراں جماعت و اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کے ساتھ سابق اراکین اسمبلی کی بھی تصاویر آویزاں ہیں۔اسمبلی کی کاروائی شروع ہوتے ہی اراکین اسمبلی نے سماج وادی پارٹی(ایس پی)فاونڈ و سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ کے انتقال پر سوگ کا اظہار کرتے ہوئے دومنٹ کی خاموش اختیار کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

 

Related Articles