بارڈر سیکورٹی فورس نے گزشتہ ایک سال میں 16 ڈرون مار گرائے

نئی دہلی، نومبر۔بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل پنکج کمار سنگھ نے سرحد پار سے ڈرون کی دراندازی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں فورس کے چوکس اہلکاروں نے 16 ڈرون کو مار گرایا ہے۔ مسٹر سنگھ نے بارڈر سیکورٹی فورس کے یوم تاسیس سے ایک دن قبل بدھ کو یہاں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورس کے تیار اہلکاروں نے گزشتہ ایک سال میں مختلف سرحدی علاقوں میں 16 دراندازی کرنے والے ڈرون کو مار گرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرون کے ذریعے دراندازی ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے کوئی ٹھوس اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی نہیں ہے تاہم اسے تیار کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارے گئے ڈرون کی چپ کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور اس کی پرواز کے راستے کا پتہ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ موجودہ سال میں 20 سیکورٹی اہلکاروں نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ اس سال فورس کے اہلکاروں کو 125 تمغوں سے نوازا گیا ہے جس میں دو کیرتی چکر، 21 بہادری کے تمغے، امتیازی خدمات کے لئے 10 صدر کے پولیس تمغے اور شاندار خدمات کے لیے 92 پولیس تمغے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فورس نے رواں سال 31 اکتوبر تک مجموعی طور پر 26 لاکھ 469 کلو گرام منشیات ضبط کی۔ اس کے علاوہ 20 لاکھ 33 ہزار 200 روپے کی جعلی کرنسی بھی پکڑی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ متعدد کارروائیوں میں 72 مختلف اقسام کے ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے۔بارڈر سیکیورٹی فورس 6386 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کرتی ہے۔

 

Related Articles