یہ نہیں سمجھ سکا کہ میری شادی کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے، شاہ رخ خان
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ خان نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ ان کی شادی کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے۔یاد رہے کہ شاہ رخ اور گوری خان کی شادی اکتوبر 1991 میں ہوئی تھی۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات دہلی میں ہونے والی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔اس وقت شاہ رخ 18 اور گوری 14 برس کی تھیں، شاہ رخ خان کے مطابق جب انہوں نے اپنی مستقبل کی اہلیہ کو دیکھا تو دل دے بیٹھے یعنی پہلی نظر میں محبت ہوگئی۔جس کے 7، 8 برس بعد دونوں کی شادی ہوئی اور دونوں کے تین بچے ہیں جن میں بیٹا آریا خان، بیٹی سْہانہ خان اور سب سے چھوٹا بیٹا ابرام خان شامل ہیں۔شاہ رخ خان نے چار برس قبل 2018 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم شادی کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور اس کے لیے سخت محنت کی جاتی ہے، جو چیز آسانی سے کی جاسکتی ہے وہ قبولیت اور محبت ہے جو ہمیشہ کامیاب رہتی ہے۔اچھی چیز یہ ہے کہ ہم صبح اٹھیں ایک کپ چائے پیئیں اور فیملی کو وقت دیں، لیکن میں یہ سمجھ نہیں سکا کہ گوری خان اور میری شادی کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے۔ اگر آپ شادی کو عام سا معاملہ رکھیں تو اسطرح یہ بہت اسپشل ہوجاتا ہے۔