سعودی تعلیمی نصاب میں کاپی رائٹ کا مضمون شامل کرنے کا فیصلہ
ریاض،نومبر۔ سعودی عرب کی اتھارٹی برائے دانشورانہ املاک نے وزارت تعلیم کے ساتھ شراکت کے تحت نصاب تعلیم میں کاپی رائٹس کے موضوعات شامل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اقدام کا مقصد طلبا اور طالبات کو تخلیقی سوچ اور اختراعی مہارتوں کیحصول کے قابل بنانے کے لیے ضروری علم، اقدار اور مہارتیں بہم پہنچانا اور انہیں روزمرہ کی زندگی میں استعمال کرنا ہے۔ تخلیق کاروں کے اخلاقی اور مادی حقوق کے تحفظ کے لیے طرز عمل کو فروغ دینا، نیز ان میں اضافہ کرنا۔ مملکت کے وڑن 2030 کے مطابق قومی معیشت کو سپورٹ کرنے میں دانشورانہ املاک کے قوانین، کنٹرولز اور قوانین کے بارے میں آگاہی اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔اتھارٹی کے ’سی ای او‘ ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد السویلم نے دانشورانہ املاک میں دلچسپی اور تحفظ کے لیے مملکت کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ سے سعودی اتھارٹی برائے انٹلیکچوئل پراپرٹی بہت سی کامیابیاں سمیٹنے میں کامیاب رہی۔ تخلیق کاروں اور اختراع کرنے والوں کی دلچسپی کے ساتھ ساتھ ملک کے تخلیق کاروں کی حمایت اور ایک باشعور معاشرے کی تعمیر اور انسانی تخلیقات سے بھرپور مستقبل کی طرف قدم اٹھانے میں مدد فراہم کی۔ نصاب تعلیم میں کاپی رائٹ کے موضوعات تعلیمی مرحلے کے حوالے سے شامل کیے جائیں گے۔ طلبہ کے ذہنی و فکری معیار کو مدنظر رکھ کر موضوعات پڑھائے جائیں گے۔ سعودی وزارت تعلیم اور سعودی کاپی رائٹ اتھارٹی کی شراکت سے متعدد انشیٹو اور پروگرام شروع کیے جائیں گے۔اساتذہ کو کاپی رائٹ کے حوالے سے ٹریننگ کورس کرائے جائیں گے۔ کورین کاپی رائٹ ایجنسی اس سلسلے میں تعاون کرے گی۔ کاپی رائٹ کی تعلیم کے جدید طریقوں سے اساتذہ کو آگاہ کیا جائے گا۔