اداکار ایوشمان کھرانا کا اپنے اور نیہا ککڑ سے متعلق حیران کن انکشاف

ممبئی ،نومبر۔ بھارتی اداکار و گلوکار ایوشمان کھرانا نے اپنے اور گلوکارہ نیہا ککڑ سے متلعق حیران کن انکشاف کیا ہے۔ ٹی وی ریئلٹی شو ’انڈین آئیڈل‘ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایوشمان کھرانا، نیہا ککڑ و دیگر موجود ہیں۔ویڈیو میں ایوشمان کھرانا کہہ رہے ہیں کہ اپنی زندگی میں انہوں نے مختلف شعبوں میں قسمت آزمانے کی کوشش کی، آر جے بننے کی کوشش کی، گلوکاری میں لوہا منوانا چاہا، اس مقصد کیلئے انہوں نے انڈین آئیڈل کے 2004 میں ہونے والے پہلے سیزن کیلئے آڈیشن بھی دیا تھا لیکن انہیں مسترد کردیا گیا تھا۔ 2004 میں انڈین آئیڈل ابھیجیت ساونت نے جیتا تھا۔ایوشمان نے انکشاف کیا کہ ’نیہا ککڑ اور میں ایک ہی دن ریجکٹ ہوئے تھے اور ٹرین پر ممبئی سے دہلی واپس جا رہے تھے، ٹرین میں آڈیشن میں مسترد ہونے والے تقریباً 50 لوگ اور تھے لیکن آج نیہا جج ہے اور میں یہاں،، یہ سب میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔‘خیال رہے کہ ایوشمان کھرانا نے 2004 ء میں بطور ٹی وی ہوسٹ اپنا کیریئر شروع کیا تھا، انہیں بالی ووڈ میں بریک 2012 ء میں ملا اور وہ فلم ’وکی ڈونر‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئے۔دوسری جانب نیہا ککڑ نے 2005ء میں انڈین آئیڈل کیلئے دوبارہ آڈیشن دیا اور اس بار وہ منتخب ہوگئیں تاہم جیت نہ سکیں البتہ ٹاپ 12 فائنلسٹس میں ان کا نام شامل تھا۔ یہ ایڈیشن سندیپ اچاریا نے جیتا تھا۔ نیہا ککڑ کو بالی وڈ میں بڑا بریک 2012 ء میں فلم کاک ٹیل میں ملا جب انہیں ’سیکنڈ ہینڈ جوانی‘ گانے کا موقع ملا۔یاد رہے کہ انڈین آئیڈل کا 13 واں سیزن ان دنوں نشر کیا جارہا ہے جس میں نیہا ککڑ کے ساتھ ہمیش ریشمیا اور وشال ڈاڈلانی جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

Related Articles