بائیڈن اور اردوان کی ملاقات، اناج کے بحران پر گفتگو
جکارتا،نومبر ۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ترک ہم منصب رجب طیب اِردوان سے ملاقات کی ،جس اناج کے بحران پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دوران استنبول میں اتوار کوہونے والے مہلک بم دھماکے اور اناج کی برآمدات کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے انڈونیشیا کے شہربالی میں جی 20سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی،جس میں صدربائیڈن نے بحیرئہ اسود کے ذریعے اناج کی نقل وحمل سے متعلق روس یوکرین معاہدے کی تجدید کے لیے صدر اردوان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ یوکرینی جنگ کے دوران میں عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے یہ معاہدہ کارگرثابت ہوا ہے اور یہ اقدام جاری رہنا چاہیے۔ وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق صدربائیڈن نے استنبول دھماکے میں ہلاکتوں پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ نیٹواتحادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان نیٹو میں توسیع پر بھی بات چیت ہوئی اور صدر اردوان نے فن لینڈ اور پولینڈ کو نیٹو میں شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ترک وزیرداخلہ نے امریکی سفارت خانے کی جانب سے دھماکے پر تعزیتی بیان کوقبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کو مسلح کررہا ہے۔