ارہان پر خاندان کا فلمی ورثہ سنبھالنے کیلئے دباؤ نہیں ہوگا، ارباز خان
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ اداکار ارباز خان نے بیٹے ارہان خان کی زندگی سے جڑے بعض امور پر گفتگو کی اور کہا کہ اْس پر فلم انڈسٹری جوائن کرنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔ارہان خان جو آج کل امریکا میں زیر تعلیم ہیں، وہ حال ہی میں کرن جوہر کی فلم میں بطور اسسٹنٹ کام کرچکے ہیں اور جلد ہی پٹنہ شکلا کی تیاری میں والد کا ساتھ نبھائیں گے۔ارباز خان جو آج کل اپنی ویب سیریز ’تناؤ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں نے ایک انٹرویو میں اپنے صاحبزادے سے متعلق گفتگو کی۔اداکار نے کہا کہ وہ اپنے صاحبزادے ارہان خان کو فلم انڈسٹری جوائن کرنے کیلیے مجبور نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ارہان پر خان فیملی کا فلمی ورثہ اٹھانے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہوگا، میں اْس کے مستقبل کے منصوبے متاثر کرنے کی کوشش بالکل بھی نہیں کروں گا۔ارباز خان نے یہ بھی کہا کہ وہ صاحبزادے کو ہر گز پریشان نہیں کریں گے وہ فلمی دنیا سے جڑ جائیں بلکہ میں تو چاہتا ہوں کہ وہ اپنے خوابوں کو خود تلاش کرے۔دوران انٹرویو جب اْن سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بیٹے کو بالی ووڈ میں کیریئر بنانے سے متعلق کیا نکات تجویز کریں گے؟ اس پر ارباز خان نے کہا کہ وہ اپنے مشورہ سے ارہان کو ڈرانا نہیں چاہتے۔اداکار نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ والدین کو بچوں کی زندگی پر اثرانداز ہونے کے بجائے اْن کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں کبھی ارہان میرے پاس کوئی چیز لائے اور میں اْسے کہوں کہ وہ اسے چھوڑ کر وہ کرے جو میں کہتا ہوں، وہ میری بات سن لے گا لیکن ساری زندگی ڈرے گا۔ارباز خان نے کہا کہ میں ارہان کو کہوں کہ وہ ہیرو بنے، یہ اقدام اْس کے خواب خاک میں ملانے جیسا ہوگا، اسے زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر اس فیصلے سے نفرت ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اْسے لگ سکتا ہے کہ وہ زندگی میں وہ تلاش نہیں کرسکا جو وہ چاہتا تھا، اگر وہ چاہیے تو کوئی بھی پروفیشن لے کر چل سکتا ہے۔اداکار نے کہا کہ ارہان اگر شیف بننا چاہے تو میں یہاں بھی اْس کا ساتھ دوں گا، اْس پر خان فیملی کی فلمی دنیا سنبھالنے کے کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔ارہان خان، ارباز اور ملائیکا کا اکلوتا بیٹا ہے، دونوں میں 18 سالہ ازدواجی زندگی کا خاتمہ 2017ء میں ہوا، وہ اپنے بیٹے کی اکیلے پرورش کررہے ہیں۔