معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ایک کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جیریمی ہنٹ

لندن ،نومبر۔ وزیراعظم رشی سوناک نے کہا ہے کہ اس ہفتے اعلان کئے جانے والے بجٹ میں مارکیٹ کی توقعات پوری کی جائیں گی جبکہ وزیر خزانہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ایک کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا جیریمی ہنٹ جمعرات کو معیشت کو مستحکم راہ پر گامزین کرنے کے لئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔ توقع ہے کہ جیریمی ہنٹ کے بیان میں سرکاری اخراجات میں کٹوتی اور ٹیکسوں میں اضافے کا اعلان کیا جائے گا تاکہ معیشت کے بلیک ہول کو بند کیا جاسکے، تاہم حکمراں ٹوری پارٹی کے بعض حلقوں کی جانب سے ٹیکسوں میں متوقع اضافے پر تنقید کی گئی ہے۔ جیریمی ہنٹ نے قبل ازیں کہا تھا کہ معیشت کو دوبارہ صحیح خطوط پر لانے کے لئے ہر ایک کو قربانیاں دینا ہوں گی۔ بالی جاتے ہوئے طیارے میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم سوناک نے کہا کہ برطانیہ میں مالی حالت بہتر ہیں لیکن یہ اس لئے مستحکم ہوئے ہیں کیونکہ عوام توقع کرتے ہیں کہ حکومت جو فیصلے کر رہی ہے، وہ مالی استحکام کیلئے ہیں اور ان کے نتائج دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور چانسلریہ ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پتہ ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران جی ڈی پی 0.2 فیصد ہو جانے کی وجہ سے ملک کی معاشی صورت حال خراب ہو گئی تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ بجٹ سے عوام کی مشکلات میں کمی ہوگی تو انہوں نے کہا کہ یہ تکلیف ہی ملک کی معیشت کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔

Related Articles